Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

’عرب امن فارمولے کے مطابق مسئلہ فلسطیین کا منصفانہ حل چاہتے ہیں‘

سعودی نائب وزیر خارجہ نے القدس کانفرنس میں مملکت کی نمائندگی کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی نے اتوار کو قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈکوارٹرمیں منعقدہ القدس کانفرنس میں مملکت کی نمائندگی کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ’سعودی عرب 1967 کی سرحدوں کے دائرے میں خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام، مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے اور عرب امن فارمولے کے مطابق مسئلہ فلسطیین کا جلد، جامع اور منصفانہ حل چاہتا ہے۔ یہ غیر متزلزل موقف ہے‘۔
 انہوں نے دو ریاستی حل کو سبوتاژ کرنے والے اسرائیل کے تمام یکطرفہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے تمام اقدامات کی فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔
انجینیئر ولید الخریجی نے کہا کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے مارچ  2019 کے دوران ظہران میں منعقدہ القدس سربراہ کانفرنس کے دوران القدس کے اسلامی اوقاف پروگرام کے لیے 150 ملین ڈالرعطیے کا اعلان کیا تھا۔ مملکت ا سلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے زیراہتمام الاقصی اور القدس فنڈ میں 390 ملین ڈالر فراہم چکا ہے’۔
’بین الاقوامی تنظیموں اور ایجنسیوں کے توسط سے فلسطینی بھائیوں کی مدد کا سلسلہ جاری ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد اور روزگار کی عالمی ایجنسی اونروا کی مدد کررہا ہے۔اب تک 1.1ارب ڈالرسے زیادہ امداد دی جا چکی ہے‘۔ 
سعودی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ’ قابض اسرائیلی افواج مسجد اقصی کی بے حرمتی اور نہتے نمازیوں پر تشدد کا سلسلہ بند کرے۔ اشتعال انگیز اقدامات سے گریز کیا جائے‘۔
انہوں نے سعودی عرب کی جانب سے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ’ وہ مسجد اقصی کے احاطے اور صحنوں میں دخل اندازی، نہتے فلسطینیوں پر تشدد اور مشرق وسطی امن عمل کی بحالی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے والے جرائم کا ذمہ دار ہر طرح سے اسرائیل کو ٹھہرائے‘۔

شیئر: