جدہ(نیوز ڈیسک) یہاں فوجداری کی عدالت نے منی لانڈرنگ کمپنیوں کو 40لاکھ ریال بھیجنے والے بنگلہ دیشی شہری کو 8ماہ قید ، 3 ہزار ریال جرمانے اور 4بار 50کوڑے لگانے کی سزا سنادی ۔المدینہ اخبار نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ سزا ایسے وقت میں سنائی گئی ہے جبکہ 2ارب ریال سے زیادہ کی منی لانڈرنگ کا ایک واقعہ ریکارڈ پر آیا جس کا سرغنہ سعودی نوجوان پایا گیا۔ پتہ چلا ہے کہ بنگلادیشی کارکن سعودی نوجوان کو فی ٹرانسفر آپریشن 10ریال دیتا تھا اور اس کے بدلے سعودی نوجوان رقم باہر بھجوادیتا تھا۔ ملزم نے کمپنیوں کو رقم بھیجنے کا عتراف کرلیا اور یہ بھی تسلیم کرلیا کہ اسے چارجنگ کارڈ ملتا تھا اور ٹرانسفر کے ہر آپریشن پر 10ریال دئیے جاتے تھے۔ سعودی نوجوان اپنے زیر کفالت افراد کے کھاتوں میں مشکوک رقمیں جمع کرارہا تھا۔ اس کا بھی انکشاف ہوگیا ہے ۔ کارروائی بینک کی رپورٹ پر ہوئی سعودی شہری کو بیرون مملکت سے وطن واپسی پر ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ وہ عدالت میں تمام الزامات کا انکار کرتا رہا تھا اور اس کا دعویٰ تھا کہ وہ امارات ، چین اور ہندوستان سے کاروبار کررہا ہے اور ساری رقم اسی سے اسے حاصل ہوئی ہے۔