منامہ- - - - پاکستان اور بحرین نے باہی معاشی واقتصادی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان بحرین مشترکہ سرمایہ کاری کمپنی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت ومعاشی تعلقات کے فروغ کے لئے مفاہمت کی 2 یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ ان اقدامات کا اعلان حکومت پاکستان کی طرف سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان اور خاص طور پر پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں حالات سے روشناس کروانے کے لئے بحرین کے شہرمنامہ میں منعقد کی گئی خصوصی ’’پاکستان بحرین بزنس اپرچونیٹینز کانفرنس‘‘ کے موقع پر کیا گیا۔ کانفرنس کے دوران بحرین میں پاکستانی اشیاء کی نمائش کے لئے پاکستان ڈسپلے سینٹر کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا جہاں پاکستان میں بنائی جانے والی اشیاء کو عوام الناس اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ کانفرنس کو خطے میں کاروباری تعاون اشتراک کے حوالے منعقد کی جانے والی سب سے بڑی کانفرنس قرار دیا جارہا ہے جس میں سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات سمیت مشرق وسطیٰ کے اہم ممالک کے نمائندوں سمیت 400 سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے موجود مواقع سے آگاہی حاصل کی۔ کانفرنس کے دوران پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت نے بحرین کے اکنامک ڈیولپمنٹ بورڈ کے ساتھ تعاون کی یادداشت اور پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت کی سی ای او آمنہ چیمہ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اورحکومت کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ کانفرنس کے دوران پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت کی سی ای او آمنہ چیمہ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومت کی طرف سے غیر ملکی سرمایہ کاری کو دی جانے والی سہولیات پر روشنی ڈالی او ربتایا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان اور بالخصوص پنجاب سونے کی کان کے مترادف ہے۔ سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہی کے بعد مشرق وسطیٰ کے اہم کاروباری ادارے البراکہ نے پاکستان کی گوشت کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ مشرق وسطی کے دیگر اہم کاروباری اداروں نے بھی پاکستان میں زرعی اور لائیواسٹاک کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔