دبئی .... مفتی دبئی نے اماراتی معاشرے میں ہلچل پیدا کرنے والے تنازع کو نمٹا دیا۔ ان دنوں ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے کون ادا کرے ، شوہر یا بیوی؟ اس پرزبردست مباحثہ چل رہا تھا۔ مفتی دبئی نے واضح کیا کہ شوہر حضرات بیوی کے قیام ، طعام اور بنیادی ضروریات کے اخراجات ادا کرنے کے شرعاً پابند ہیں۔جہاں تک قرضہ جات اور ٹریفک خلاف ورزیوں جیسے معاملات کا تعلق ہے تو خاوند حضرات شرعاًاس قسم کے اخراجات ادا کرنے کے پابند نہیں۔ کاروبار کرنے والی خاتون یا اپنی مرضی سے سیر سپاٹے کیلئے نکلنے والی خاتون کے ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے خود اسے دینا ہونگے۔ اگر شوہر ازراہ تعلق یہ اخراجات بھی ادا کرنا چاہے تو کرسکتا ہے مگر شرعاً اس پر واجب نہیں۔دبئی کے مفتی اعلی ڈاکٹر احمد بن عبدالعزیز الحداد نے بتایا کہ شوہر اپنی بیوی اور نابالغ اولاد کے نان نفقے کا پابندہے جرمانے اسکے ذمہ نہیں۔ اماراتی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ برس مرد حضرات پر ٹریفک خلاف ورزیوں کی تعداد 5لاکھ97 ہزار 14ریکارڈ کی گئی جبکہ خواتین کے حوالے سے ٹریفک خلاف ورز یاں ایک لاکھ14ہزار 323ریکارڈ پر آئیں۔الامارات الیوم اخبار نے کہا کہ ملک میں ا یسے خاندان ہیں جن کے پاس ایک سے زائد گاڑیاں ہیں۔ کبھی کبھار یہ ساری گاڑیاں خاندان کے سربراہ کے نام پر ہوتی ہیں تاہم ان میں سے بعض خاوند اوردیگر خواتین کے زیر استعمال رہتی ہیں۔ ٹریفک خلاف ورزیوں پر شوہر اور بیوی میں اختلافات کھڑے ہوجاتے ہیں۔ شوہروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیوی کی گاڑی کے جرمانے ادا کرنے کے پابند نہیں۔ خواتین کہتی ہیں کہ ہم بنیادی طور پر شوہر کی کفالت میں ہیں لہذا جرمانے شوہر ہی کو ادا کرنا چاہئے۔