Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025

شامی نظام اور اس کے حلیفوں نے نہتے عوام پربربریت کی انتہا کردی، سعودی علماء

ریاض(واس) سعودی سربرآوردہ علماء بورڈ نے واضح کیا ہے کہ شامی نظام اور اس کے حلیفوں نے نہتے بے قصور عوام پر بربریت کی انتہا کردی ۔ پورے ملک میں عموماً اور حلب میں خصوصاً تصوراتی فتح حاصل کرنے کیلئے وحشیانہ حملے کئے جارہے ہیں یہ حملہ آوروں کی مایوسی کو ظاہر کررہے ہیں۔ سعودی علماء نے پیر کو اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ شام کا مجرمانہ نظام اور اس کے حلیف بھیانک ترین جرائم کا ارتکاب کرکے قوانین ، روایات اور اقدار کی دھچیاں بکھیر رہے ہیں ۔ لاکھوں لوگ ہلاک اور گھر سے بے گھر کردئیے گئے ہیں ۔ علماء نے دنیا بھر کے ہوش مندوں اور فیصلہ ساز طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ اس جارحانہ جنگ کے تباہ کن اثرات اور سنگین نتائج کو سمجھیں ۔ اس جنگ کو فوراً بند کرانے کے لئے انسانی ضمیر کی ندا پر لبیک کہیں۔ شرمناک جارحیت بند کرائیں، حق اور انصاف کا تقاضہ ہے کہ پوری دنیا شامی عوام کا ساتھ دے ، جن کے مصائب کی راہ دراز ہوگئی ہے اور جن کے زخم بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں ۔ دوسری جانب پاکستان علماء کونسل نے شام کے شہر حلب میں بے قصور شہریوں پر بشار الاسد کی افواج کی مسلسل بمباری و گولہ باری اور ایران و شام کی حمایت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ کونسل کے سربراہ علامہ محمد طاہر اشرفی نے بتایا کہ علمائے پاکستان شام میں نہتے شہریوں کے خلاف بدترین جرائم کی مذمت کرتے ہیں اور انہیں انسانیت سوز جرائم شمار کرتے ہیں ۔ علامہ اشرفی نے کہا کہ حلب اور کشمیر کی صورتحال پر عالمی دنیا اور عالم اسلام فوری کردار ادا کرے۔ بے گناہ انسانیت کے قتل عام پر مسلم اور عالمی دنیا کی خاموشی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ کشمیر اور شام میں مسلمانوں کا قتل عام عالمی امن کیلئے خطرہ بن جائے گا۔ مسلم ممالک کے قائدین کی طرف سے اقوام متحدہ میں عرب ممالک اور ایران کی صورتحال پر بیانات دنیا کے مستقبل کے حالات کو بیان کر رہے ہیں۔ پاکستان ، قطر اور سعودی عرب عالم اسلام کی موجودہ صورتحال پر فوری مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی دنیا محفوظ نہیں رہے گی تو پھر کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امریکہ اور روس مسلمانوں کے خون پر تماشا کرنے کی بجائے شام کے مسئلہ کو فوری حل کریں اور روسی طیارے شام میں فی الفور بمباری بند کریں اور شام کی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اسی ہفتہ میں پاکستان میں روسی سفیر سے ملاقات کر کے ان کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔

شیئر: