Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025

سعودی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے21بونس ختم کردیئے

ریاض(واس) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں سعودی کابینہ نے تمام سرکاری ملازمین کے 21بونس ختم کردیئے۔ کابینہ نے فیصلہ نمبر 2کے تحت واضح کیا کہ قرارداد سے منسلک چارٹ اے میں مذکور بونس، محنتانے اور مالی ترغیبات ختم کردی گئیں۔ چارٹ اے میں 21بونس کا ذکر ہے جو یہ ہیں، کمپوزر، ڈیٹا انٹری آپریٹر، کیشیئر، رقم پیش کرنے پر مامور کارکن، فنڈ سیکریٹری سربراہ ، دفاتر فرنیچر انچارج، ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنیشن کے لئے طبیعۃ العمل بونس متعددی مرض لگنے اور نقصان پہنچنے کا بونس ، خطرات بونس ، اندرون مملکت تربیتی پروگرام میں امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے ملازم کو دیا جانے والا امتیازی محنتانہ ، سرکاری اسامیوں کے لائحہ عمل میں مذکور رکھ رکھاؤ بونس ، بعض اداروں اور جنرل کارپوریشنوں میں مقرر سالانہ چھٹی کا بونس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکشن بورڈ کے لائحہ عمل میں مقرر زیر تربیت افراد کیلئے منتقلی بونس ، دفتر سے باہر سرکاری مہم پر مامور ملازم کیلئے ذمہ داری بونس، نیز محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے ملازمین کے لائحہ عمل میں مقرر ٹکٹ اس کا اطلاق ملازم اور اس کے اہلخانہ دونوں پر ہوگا۔ سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کے ملازمین اور عارضی کارکنان کے لائحہ عمل میں متعین تنخواہ پر اضافی ماہانہ محنتانہ ، عسکری صنعتوں کی جنرل کارپوریشن کے کارکنان کیلئے مقرر ماہانہ محنتانہ جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی اور محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے لائحہ عمل میں مذکور نایاب اسپیشلائز یشن کا بونس ، یونیورسٹیوں میں سعودی تدریسی عملے اور ان کے قائم مقام دیگر افراد کے امور منظم کرنے والے لائحہ عمل میں ڈیوٹی کے دوران میٹنگوں میں شرکت پر مجالس قائمہ کے ارکان کو دیا جانے والا محنتانہ ، افسران کے لئے مقرر اکیڈمک لیاقت کا محنتانہ اور افراد کے لئے ڈگریوں پر دیا جانے والا محنتانہ ، ممتاز خدمات پر دیا جانے والا محنتانہ ، تقرری کا بونس ، ایک قفے یا 90روز سے زیادہ عرصے کے لئے مربوط وقفوں کے لئے دوسرے ادارے کو بھیجے جانے والے ملازم کے لئے منتقلی بونس ، ملازمت سے سبکدوش ہونے والے کارکن کو اپنے ذمہ موجود اشیاء حوالے کرنے کے لئے درکار مدت کا محنتانہ ، کمپیوٹر کا محنتانہ ، بیرون مملکت قیام کے دوران طلباء کا محنتانہ ، وثیقہ نویسی کے اداروں کے سربراہوں کو دیا جانے والا طبیعۃ العمل بونس ترقی کے وقت دیا جانے والا اضافی بونس ۔ سعودی کابینہ نے سرکاری ملازمین کے لئے چارٹ بی میں 25 بونسوں ، محنتانوں اور ترغیبات میں ترمیم کی ہے ۔ آمدنی وصول کرنے والے گودام کے ناظم و قائم مقام، ٹیلی کمیونیکیشن آپریٹر ،بیت المال کے انچارج اور ناظم کا بونس 10 فیصد ہوگا۔ شعبے ضیافت کے مینیجر ،محل کے انچارج، ضیافت کے انچارج، ضیافت کے نگراں ، شعبہ ضیافت کے سربراہ ، محل کے نگراں ، محل کے انچارج ، ضیافت کے اہلکار اور ضیافت کرنے والے کو تنخواہ کا 15فیصد بونس کے طور پر دیا جائے گا۔ اندرونِ ملک دوسرے شہر میں تربیتی پروگرام کے محنتانے میں 50فیصد کمی کردی گئی۔ تیکنیکی تربیت کی جنرل کارپوریشن کے ارکان کے لائحہ عمل میں مقرر لیبر مارکیٹ کی بابت رابطہ بونس تنخواہ کا 10فیصد ہوگا۔ سماجی فروغ کے مراکز میں کام کرنے والوں کو بونس 25فیصد ملے گا۔ رسد گاہوں کے کارکنان کو بونس تنخواہ کا 20فیصد ملے گا۔ کنگ عبدالعزیز سٹی و سائنس و ٹیکنالوجی میں انڈسٹریل رائل مینجمنٹ کے کارکنان کو تنخواہ کا 15فیصد بونس ملے گا۔ سرکاری ملازمین کی بنیاد پر رکھے جانے والے شہری ہوابازی کے کارکنان کو انتہائی بونس تنخواہ کا 25فیصد ہوگا۔ محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے ملازمین کو ڈیوٹی بونس تنخواہ کا 5فیصد دیا جائے گا۔ اسپتالوں اور ذہنی امراض کلینکس سعودی و غیر سعودی ملازمین کو یکساں بونس دیا جائے گا۔ ایک شہر سے دوسرے شہر یا تعلیم کے لئے دفتر سے دور بھیجے جانے پر بونس ایک ماہ کی تنخواہ ہوگی۔ سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن کے عارضی اور مستقل ملازمین کے لائحہ عمل کے تحت یکم رمضان کو دیا جانے والا سالانہ محنتانہ ایک ماہ کی تنخواہ ہوگی۔ اسپیشل ایجوکیشن بونس 10تا 20فیصد ہوگا۔ نئی یونیورسٹیوں کے ایسے ملازمین ہی کو بونس دیا جائے گا جن جامعات کے قیام پر 8برس سے زیادہ نہیں گزرے ہونگے۔ جنرل کارپوریشنوں ، فنڈز اداروں اور جزوقتی دفعات پر کام کرنے والے جن ملازمین کو ہاؤس رینٹ دیا جاتا ہے وہ موقوف کردیا گیا۔ اس سے ڈاکٹر مستثنیٰ ہونگے،جن ملازمین کو رہائش فراہم کی جارہی ہوگی ان سے بغیر فرنیچر والے مکان پر ماہانہ تنخواہ کا 10فیصد اور فرنیچر والی رہائش دینے پر تنخواہ کا 15فیصد کاٹا جائے گا۔ پوسٹ مارٹم بونس 15، 25اور 30فیصد حسب حیثیت دیا جائے گا۔ اسپتالوں اور ذہنی امراض کلینکس میں ڈیوٹی بونس 40فیصد کم کردیا گیا۔ جزام کے اسپتالوں اور کرنتینہ کے شعبوں میں ڈیوٹی بونس 40فیصد کم کردیا گیا۔ ایمبولنس ڈرائیونگ بونس ماہانہ 300ریال مقرر کردیا گیا۔ صحت اسامیوں پر کام کرنے والوں کے لئے نگرانی بونس ، سرکاری اسپتالوں میں سربراہوں کو 2000ریال اور اسپیشلسٹ اسپتالوں میں 4000 ریال دیا جائے گا۔سفارتی اسامیوں کے لائحہ عمل کے تحت آنے والے ملازمین کو منتقلی اور تیاری بونس 3ماہ کی تنخواہ دی جائے گی۔ سفارتی مشن کے سربراہ کے قائم مقام کا بونس 30دن سے زیادہ مسلسل کام کرنے پر دیا جائے گا۔ غیرمقیم سفیر کو اضافی ترجمانی بونس 15فیصد رہے گا۔ کابینہ نے چارٹ ’’ج‘‘ میں مذکورجو بونس، محنتانے اور ترغیبات ختم کی ہیں۔ ان کی تعداد 5ہے۔ نایاب مضامین کی تدریس کا بونس ، جامعات کے سعودی تدریسی عملے کے لئے انفرادیت کا محنتانہ، فنڈز جنرل کارپوریشنوں اور اداروں کے لئے حوصلہ افزائی والا محنتانہ ، صحت وظائف اور آپریشنل پروگراموں اور دائروں میں کام کرنے والوں کے لئے نادرالوجود عمل کا بونس اورانفرادیت کا بونس ختم کردیا گیا ہے۔ سعودی کابینہ نے چھٹیوں کے لائحہ عمل میں ترمیم کی بھی منظوری دی ہے ۔ سالانہ چھٹی 36دن مقرر کی گئی ہے ۔ملازم کو ملازمت کے ہر سال کے حوالے سے آخری مکمل تنخواہ فی سال دی جائیگی۔ اگر چھٹی کا دورانیہ 30دن یا اس سے زیادہ ہو تو تنخواہ پیشگی ادا کی جاسکے گی۔ سالانہ چھٹی استحقاق کے سال ختم ہونے کے 60دن کے اندر اندر لی جاسکے گی اگر درخواست نہ دی تو ایسی صورت میں باقی ماندہ چھٹیاں کالعدم ہوجائیں گی۔سالانہ چھٹی میں توسیع کی جاسکتی ہے۔

شیئر: