Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

جدہ میں اُبھرتے ہوئے پاکستانی گلوکار کیفی خلیل کے ساتھ ایک شام

پاکستانی نوجوان گلوکار کیفی خلیل نے جمعرات 26 جنوری کی شام جدہ  میں ایک ہوٹل کے ہال میں منعقدہ  کنسرٹ میں سامعین کے دل موہ لیے۔
عرب نیوزکے مطابق ابھرتے ہوئے گلوکار کیفی خلیل کی سحر انگیز آواز اور خوبصورت موسیقی کی بدولت ان کی شہرت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

بین الاقوامی سامعین کا ردعمل دیکھتے ہوئے دوبارہ آنے کی خواہش ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جدہ میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران انہوں نے فوک اور دیگر مشہور گانوں کے علاوہ اپنا حالیہ ریلیز ہونے والا گانا 'کہانی سنو، 2.0 ' پیش کیا- اس نغمے نے گزشتہ سال عالمی پیمانے پر شہرت حاصل کی تھی۔
اس موقع پر گلوکار نے بتایا کہ جدہ میں ان کے پہلے  انٹرنیشنل کنسرٹ میں حاضرین کی  جانب سے جو پذیرائی اور گرمجوشی دکھائی گئی وہ میرے لیے اثاثہ ہے۔
کیفی خلیل نےبتایا کہ میں نے یہاں آنےسے قبل اپنے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ آج کی شام اپنے تمام گانوں کو بہترین انداز میں پیش کروں گا تا کہ یہ شام یادگار بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے سعودی عرب میں پرفارم کرنے کا پہلا موقع ملا  ہے جس پر میں خوشگوار حیرت میں ہوں اور یہاں جس قدر اپنائیت اور پیار ملا اسے بیان نہیں کر سکتا۔

کنسرٹ نوشین آرٹس کلچر سینٹر کی  ایک سال کی تکمیل کے موقع پر ہوا۔ فوٹو عرب نیوز

پاکستان میں متعدد بار پرفارم کرنے والے گلوکار نے بین الاقوامی سامعین کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے مملکت میں دوبارہ آنےکی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب میری پرفارمنس اختتام کو پہنچ رہی تھی تو مجھے محسوس ہوا کہ میرا یہ وقت کتنا قیمتی ہو گیا ہے جسے میں ہمیشہ یاد رکھوں گا۔
گزشتہ سال پاکستانی گلوکار کیفی خلیل کی موسیقی کے وائرل ہونے کے بعد جدہ  میں منعقد ہونے والے کنسرٹ میں موجود بچوں، جوانوں اور بڑوں نے ان کی موجودگی  اور کارکردگی کا بھرپور انداز میں لطف اٹھایا۔
تقریب میں موجود ایک مداح نے بتایا کہ مجھے یہ تو معلوم نہیں کہ میں نے کیفی کےگانے کتنی بار سنے ہیں لیکن ان کی لائیو پرفارمنس نے میرا خواب پورا کر دیا ہے۔ ان کے گانے کے انداز نے پورے ہال کو جھومنے اور ساتھ گانے پر مجبور کر دیا۔
یہاں موجود ایک اور مداح محمد عبداللہ نے بتایا کہ میں کیفی خلیل کی آواز کا مداح ہوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اتنی اچھی تقریب میں مجھے شامل ہونے کا موقع ملا جہاں ہر کوئی اپنی موجودگی پر خوش نظر آ رہا تھا۔

دیگر گانوں کے علاوہ حالیہ ریلیز ہونے والا گانا 'کہانی سنو، 2.0 ' پیش کیا- فوٹو عرب نیوز

پاکستانی گلوکار کے علاوہ اس تقریب میں ورسٹائل گلوکارہ عابدہ حسین اور سلیم رفیق نےبھی اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
یہ کنسرٹ نوشین آرٹس کلچر سینٹر کی عہدیدار نوشین وسیم کی زیر نگرانی انجام پایا جو مرکز کی ایک سال کی کامیاب تکمیل کے موقع پر پیش کیا گیا۔
اس موقع پر نوشین وسیم نے بتایا کہ آرٹس کلچر سنٹر کا مقصد مملکت میں تفریحی پروگراموں اور دیگرغیر منافع بخش تقریبات کا انعقاد شامل ہے۔
موسیقی کی اس محفل کا اہتمام سلمان لودھی اور طلحہ عبدالغفور نے کیا۔
 
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: