ابوظبی..... نشے کے عادی افراد نے نشہ حاصل کرنے کیلئے منشیات کے تاجر کو اغوا کرلیا۔ اس خبرکا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ تاجر کے اعزہ نے اغوا کنندگان کے خلاف ابوظبی میں فوجداری کی عدالت سے رجوع کرلیا۔ عدالت نے سماعت کی تاریخ 17مئی مقرر کردی۔ اغوا کنندگان کا کہناہے کہ تاجر نے نشہ فراہم کرنے کیلئے ان سے رقم لے لی تھی اور مقررہ وقت پر نشہ مہیا نہیں کیا۔ اس وجہ سے وہ اسے اغوا کرنے پر مجبور ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان کی تعداد 4ہے وہ تاجر کو زبردستی اغوا کرکے آبادی سے باہر لے گئے اور وہاں جاکر اسے آزاد کردیا۔ پولیس نے اغوا کنندگان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد بتایا کہ ملزمان کی گاڑی سے شراب کی بوتلیں، نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔ پولیس مزید معلومات حاصل کرنے کیلئے چاروں ملزمان اور مدعا علیہ سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔