لندن... برطانیہ کے دولتمند افراد کی فہرست میں ہندوجا برادران پھر سرفہرست آگئے ۔ ان دونوں نے اپنے آنجہانی والد کے کاروبار کو دن رات کی محنت اور سوجھ بوجھ سے انتہائی بڑے کاروباری ا دارے میں تبدیل کردیا اب ان کی امپائر فنانس، پراپرٹی، تیل اور پلاسٹکس سمیت مختلف شعبوں اور صنعتوں پر پھیلا ہوئی ہے۔ ہندوجا برادرز سری چند ہندو جا اور گوپی چند ہندو جا کا شمار برطانیہ کے امیر ترین افراد میں کیا گیا ہے۔ سنڈے ٹائمز کے مطابق ان لوگوں کی حالیہ کا روباری کامیابی اور دولت بریکسٹ بوم، کا نتیجہ ہے۔ جس سے انہوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا ۔ برطانیہ کے متمول ترین افراد کی فہرست میں کئی نئے ارب پتیوں کا نام بھی سامنے آئے ہیں۔ آج کے 500 متمول ترین افراد 2016 ءکے 1000 متمول ترین افراد سے زیادہ مال و دولت کے مالک ہیں۔ اعدادو شمار کے مطابق برطانیہ میں ارب پتیوں کی تعداد 134 ہے۔ ہندوجابرادران ان میں سرفہرست ہیں۔ جن کی موجودہ دولت 16 ارب 20 کروڑ پونڈ ہے جو گزشتہ سال کی دولت کے مقابلے میں 3 ارب 20 کروڑ پونڈ زیادہ ہے۔ ایک اور ہندوستانی متمول شخصیت لکشمی متل ہیں جو فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ اس وقت 13.29 ارب ڈالر کے مالک ہیں۔