ن لیگ کا بڑا اعلان، ڈالر مہنگا، سفارتخانے کون سی خدمات دینے کے پابند سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی خبریں
ن لیگ کا بڑا اعلان، ڈالر مہنگا، سفارتخانے کون سی خدمات دینے کے پابند سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی خبریں
ہفتہ 7 جنوری 2023 0:10
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
مریم نواز اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر تھیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں گذشتہ ہفتے بیرون ملک جانے والے پاکستانی ورکرز، ڈالرز مہنگا ہونے کے سبب پاکستانی طالب علموں کو بیرون ملک پیش آنے والے مسائل، مریم نواز کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بحیثیت سینیئر نائب صدر تقرری اور ملک میں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات سے متعلق خبریں صارفین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
بیرون ملک جانے والے پاکستانی ورکرز میں سے 50 فیصد کا تعلق 22 اضلاع سے
سال 2022 میں پاکستان بھر سے 8 لاکھ سے زائد ورکرز ملازمت کی غرض سے بیرون ملک گئے جن میں سے 50 فیصد کا تعلق 22 اضلاع سے ہے۔
وزارت سمندر پار پاکستانیز کے ذیلی ادارے بیورو آف امیگریشن کے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک جانے والے 8 لاکھ سے زائد ورکرز میں سے 50 فیصد کا تعلق 22 جبکہ 25 فیصد کا تعلق چھ اضلاع سے ہے۔
جبکہ 12 اضلاع سے 50 سے بھی کم اور چھ اضلاع ایسے ہیں جہاں سے ایک بھی ورکر بیرون ملک ملازمت کے لیے نہیں گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر بھی ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ن لیگ کا بڑا اعلان: ’پارٹی شہباز شریف نہیں بلکہ مریم نواز چلائیں گی‘
پاکستان مسلم لیگ ن نے مریم نواز شریف کو نہ صرف پارٹی میں سینیئر نائب صدر کے عہدے پر ترقی دے دی ہے بلکہ انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر بھی مقرر کر دیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی تیس سالہ سیاسی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہوا ہے کہ کسی خاتون کو پارٹی کا چیف آرگنائزر بنایا گیا ہے۔ جبکہ سینیئر نائب صدر کے عہدے پر بھی وہ پارٹی کے اندر پہلی خاتون ہیں جو اس عہدے تک پہنچی ہیں۔
چیف آرگنائزر کے طور پر اب ان کے پاس اختیار ہو گا کہ وہ پارٹی کی تنظیم نو بھی کر سکیں گی اور پارٹی کے انتخابات بھی کال کر سکیں گی۔ اس سے پہلے وہ پارٹی کے 16 نائب صدور میں سے ایک تھیں۔
بیرون ممالک طلبہ کو اضافی اخراجات پورے کرنے کے لیے نوکریاں کرنا پڑ رہی ہیں۔ (فوٹو: عرب نیوز)
ڈالر مہنگا، بیرونِ ملک زیرِتعلیم پاکستانی طلبہ کے اخراجات دو گُنا
حال ہی میں انگلینڈ سے بیرسٹر کی ڈگری حاصل کرنے والے مانسہرہ کے حسیب خان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ جب وہ ستمبر 2019 میں انگلینڈ گئے تو ایک پاؤنڈ 200 روپے سے کم تھا، جو آج 275 روپے سے بڑھ چکا ہے۔
بیرسٹر حسیب خان نے انگلینڈ سے قانون میں تین مختلف ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ اپنی ڈگریوں کے دوران انہوں نے تعلیمی اخراجات کے لیے رقم پاکستان سے منگوائی ہے۔ لیکن لندن آنے سے قبل انہوں نے ذہن میں تعلیمی اخراجات کا جو بجٹ بنایا تھا، اس میں اب کہیں زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔ جس کی واحد وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے۔
حکام کے مطابق آؤٹ سورسنگ سے آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ہوائی اڈوں کو آؤٹ سورس کرنے کا مقصد کیا ہے، مسافروں کو کیا فائدہ؟
حکومت پاکستان نے ملک کے تین بڑے ہوائی اڈے آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گذشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف نے جناح انٹرنیشنل کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل اور علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
ابتدائی طور پر ملک کے دو بڑے ہوائی اڈوں جناح انٹرنیشنل کراچی اور اسلام آباد انٹرنیشنل کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی۔
ٹی ٹی پی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سال 2022 میں پاکستان میں 367 حملے کیے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی ٹی پی کو روکنے کے لیے پاکستان کے پاس کیا آپشنز ہیں؟
گذشتہ کئی ماہ سے پاکستان اور افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت کے درمیان تعلقات پیچیدگی اختیار کر گئے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ پاکستان میں شدت پسندوں کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں اور ان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا ملوث ہونا ہے۔
اگست 2021 میں غیر ملکی افواج کے افغانستان کے انخلا اور طالبان کی کابل آمد کے بعد پاکستان متعدد بار طالبان کی عبوری حکومت سے ٹی ٹی پی کی کارروائیوں کو روکنے اور مسلح گروہ کے خلاف اقدامات کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔
ٹی ٹی پی کی جانب سے صحافیوں کو بھیجے گئے اعداد و شمار میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے سال 2022 میں پاکستان میں 367 حملے کیے جن میں سب سے زیادہ 348 حملے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کیے گئے۔
حکومت پاکستان وقتاً فوقتاً بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے مختلف شعبوں میں مراعات کا اعلان کرتی رہتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی سفارت خانے تارکین وطن کو کون سی خدمات دینے کے پابند؟
دنیا بھر کے شہری روزگار، تعلیم اور سیر و سیاحت کے لیے ایک ملک سے دوسرے ملک جاتے ہیں۔ کچھ وہاں مستقل رہائش اختیار کرتے ہیں اور کچھ مختصر مدت کے لیے کسی دوسرے ملک میں قیام کرتے ہیں۔ بیشتر اوقات وہ کسی دوسرے ملک کی شہریت بھی حاصل کر لیتے ہیں۔
بیرون ملک ہونے کے باوجود ان شہریوں کو اپنے ممالک سے واسطہ رہتا ہے اور اس مقصد کے لیے انہیں سفارت خانے کی خدمات درکار ہوتی ہیں۔
اگر آپ پاکستانی شہری ہیں اور بیرون ملک مقیم ہیں تو آپ پاکستانی سفارت خانے سے متعدد خدمات حاصل کرسکتے ہیں جو آپ کو بیرون ملک قیام اور روزمرہ کی زندگی میں بہت مدد فراہم کر سکتی ہیں۔