مسجد الحرام میں بارش کے باعث تعمیراتی کام عارضی طور پر بند
بارش کا سلسلہ ختم ہونے تک تعمیراتی کام معطل رہے گا ( فوٹو ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے سیکریٹری برائے امن و سلامتی فایز الحارثی نےکہا ہے کہ ’ بارش کے باعث مسجد الحرام میں تعمیراتی کام عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ بارش کا سلسلہ ختم ہونے تک تعمیراتی کام معطل رہے گا۔‘
اخبار 24 کے مطابق مکہ مکرمہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو بارش کے دوران عمرہ زائرین طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔
علاوہ ازیں حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد شروع کررکھا ہے۔
حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ 200 سے زیادہ نگرانوں، چار ہزار کارکنان اور 500 سے زیادہ مشینوں کے ذریعے بارش کے دوران پیش آنے والے مسائل سے نمٹ رہی ہے۔
بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔