نئی دہلی۔۔۔۔دہلی ہائیکورٹ کی پہلی خاتون جج 86سالہ لیلا سیٹھ کی آخری رسومات ادا کردی گئی۔ وہ جمعہ کی شب یوپی کے علاقے نوئیڈا میں چل بسی تھیں۔ انہوں نے اپنے شوہر ، 2بیٹوں اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ۔3ہفتے پہلے وہ گھر میں گر گئی تھیں جس کے نتیجے میں ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔اپولواسپتال میں آپریشن کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دیدی گئی تھی تاہم جمعہ کودل کا دورہ پڑنے سے وہ چل بسیں۔وہ 1930میں لکھنؤ میں پیدا ہوئی تھیں۔1958میں انہوں نے لندن بار کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھیں۔اگلے ہی سال انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروسز کی ایک افسر بن چکی تھیں۔نہ صرف یہ کہ وہ دہلی ہائیکورٹ کی پہلی خاتون جج بلکہ 1991ء میں ریاستی ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بھی بنیں۔1992ء میں وہ ہماچل پردیش ہائیکورٹ کی چیف جسٹس کی حیثیت سے ریٹائر ہوئیں۔ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ مختلف تحقیقاتی کمیشن کی رکن رہیں۔