اسلام آباد.. سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں جے آئی ٹی آج ہی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالتی بنچ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ زمین پھٹے یاآسمان گرے،قانون کے مطابق چلیں گے۔پانامہ کیس فیصلے پر عمل درآمد کیلئے قائم خصوصی بنچ کی سماعت میں گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے۔ اٹارنی جنرل نے کہاکہ دونوں افسران ( ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایس ای سی پی ) فہرستیں بھی ساتھ لائے ہیں۔جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے بھیجے ہوئے ناموں کی تصدیق کرائی، ایسے لگا جیسے ہمارے ساتھ کھیل کھیلا جا رہا ہے۔نامزد افسروں کی سیاسی وابستگی کے حوالے سے منفی رپورٹ ملی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ عدالت آنے سے پہلے محکموں نے خود تمام نام جاری کر دیئے۔ متنازع جے آئی ٹی کا فائدہ کس کو ہو گا ۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالتی کارروائی کو میڈیا پر بحث کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ تمام افراد کو وارننگ دے رہے ہیں، خود کو لیڈر کہنے والے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، ججوں کی کردار کشی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرسکتے ہیں۔