محائل میں ایک خاندان کے 4 افراد دم گھنٹے سے ہلاک
’پمپ جل جانے کی وجہ سے دھواں بھر گیا جو زہریلا تھا جبکہ آکسیجن بالکل نہیں تھی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے جنوب میں واقع محائل شہر کے دیہی علاقے میں زیر زمین ٹینک میں ایک خاندان کے 4 افراد دم گھنٹے سے ہلاک ہوگئے جبکہ دو افراد کو معجزاتی طور پر بچا لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو بھائیوں سمیت ان کے دو بیٹے شامل ہیں۔
تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سعودی نوجوان عبد اللہ حسن ہادی عسیری نے کہا ہے کہ ’ان کا گاؤں آل ختارش محایل کے قریب واقع ہے‘۔
’گزشتہ دنوں موسلادھار بارش کے باعث 15 میٹر چوڑی، 6 میٹر لمبی اور 6 میٹر گہری زیر زمین ٹینک میں پانی بھر گیا تھا‘۔
’پانی کو نکالنے اور ٹینک کو صاف کرنے کے لیے خصوصی پمپ ٹینک میں ڈالا گیا مگر کچھ دیر کام کرنے کے بعد اس میں دھواں اٹھنے لگا اور عجیب و غریب آوازیں نکالنے لگا‘۔
’پمپ کو دیکھنے کے لیے سب سے پہلے میرا 15 سال بھائی علی ٹینک میں اترا لیکن دھویں کی وجہ سے وہ باہر نہیں نکل سکا۔ اس کے بعد میرے والد اسے دیکھنے کے لیے ٹینک میں اترے مگر وہ بھی باہر نہیں نکل سکے‘۔
’جب دونوں ٹینک سے باہر نہیں نکل سکے تو میرے دو کزن 17 سالہ حمد اور 19 سالہ ہادی ٹینک میں اترگئے اور وہ بھی نہیں نکل سکے‘۔
’ان کو بچانے کے لیے ان کے والد اور میرے چچا 70 سالہ علی ٹینک میں اترگئے اور وہ بھی باہر نہیں نکل سکے‘۔
’ایسے میں گھر میں چیخ و پکار شروع ہوگئی اور لوگ جمع ہوگئے اور محکمہ شہری دفاع کو مطلع کردیا گیا‘۔
’امدادی ٹیم جب پہنچی تو معلوم ہوا کہ میرے والد، چچا بھائی اور کزن کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ کزن ہادی کو زندہ نکال لیا گیا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’معلوم ہوا کہ پمپ جل جانے کی وجہ سے دھواں بھر گیا جو زہریلا تھا جبکہ آکسیجن بالکل نہیں تھی جس کے باعث ٹینک میں اترجانے والے ایک کے بعد ایک ہلاک ہوتے گئے‘۔