Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025

سعودی عرب میں پرسنل وزٹ ویزے کے لیے طریقہ کار کا اعلان

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پرسنل وزٹ ویزا آن لائن حاصل  کیا جاسکے گا‘ (فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی وزارت خارجہ نے نجی وزٹ ویزے (پرسنل وزٹ ویزے) کے حصول کے طریقہ کار کا اعلان کیا ہے۔
پرسنل وزٹ ویزے پر آنے والے اپنے دوستوں یا سعودی احباب سے ملنے کے لیے آسکیں گے۔ انہیں مملکت کے کسی بھی ریجن یا شہرمیں جانے کی اجازت ہوگی۔
مکہ میں عمرے اور مدینہ میں مسجد نبوی کی زیارت کے ساتھ مملکت میں موجود مذہبی و تاریخی مقامات کے ساتھ اور ثقافتی پروگراموں میں شرکت بھی کرسکیں گے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ’نجی وزٹ ویزا آن لائن حاصل  کیا جاسکے گا‘۔
ویزا پلیٹ فارم https://visa.mofa.gov.sa  پر کارروائی ہوگی۔ 
سعودی شہری اپنے احباب کو مملکت آنے اور عمرے  کے لیے نجی وزٹ ویزے پر بلا سکتے ہیں۔ 
نجی وزٹ ویزے کی درخواست (الزیارۃ) دفتر خارجہ کے  وزٹ پلیٹ فارم پر دی جائے گی۔
درخواست پلیٹ فارم پر ’خدمت الافراد‘ (انفرادی سہولت) کے ذریعے دی جا سکے گی ۔النفاذ الوطنی پلیٹ فارم کے ذریعے اندراج ہوگا۔
وزیٹر سے متعلق معلومات نجی وزٹ ویزے کی درخواست کے ذریعے پیش کرنا ہوں گی اوراقرار ناموں کی منظوری دینا ہوگی۔ اس کے بعد وزٹ ویزے کی  درخواست پر کارروائی کی جائے گی۔
وزارت خارجہ  نے کہا کہ’ وزٹ ویزے پر آنے والا مہمان ویزا پلیٹ فارم پر ویزے کی درخواست  فارم پر کرنے کے بعد میڈیکل انشورنس اور ویزا فیس کی کارروائی خود کرسکتا ہے۔ اس کے بعد سعودی سفارتخانے یا قونصلیٹ میں درخواست اور پاسپورٹ جمع کرائے،سفارتخانے یا قونصلیٹ کے رجسٹرڈ ٹریولنگ ایجنسی یا کمپنی کے ذریعے یہ کام کرائے گا‘۔
’ویزا جاری ہونے کے بعد پاسپورٹ وصول کرکے ایئرپورٹ، بندرگاہ یا بری سرحدی چوکی کسی بھی راستے سے مملکت آنے کی اجازت ہوگی‘۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’وزٹ ویزے کی جمع کردہ درخواستوں کے بارے میں استفسارات ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے کیے جاسکتے ہیں‘۔
’اس مقصد کے لیے’استعلام‘ کا آپشن منتخب کیا جائے۔ اس کے بعد مطلوبہ معلومات درج کی جائیں پھر پہلے سے موجود درخواستوں کے بارے میں معلومات کے لیے ’استعلام‘ کو پش کیا جائے‘۔ 

شیئر: