ریاض ( اردونیوز رپورٹ ) پولیس نے پارک میں گاڑی چلانے والے نو عمر لڑکے کو گرفتار کر کے اسے بچوں کے اصلاحی مرکز میں بھجوا دیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان نے بتایا ہے کہ پولیس کنٹرول روم میں اطلا ع ملی تھی کہ ایک شخص علاقے کے پارک میں گاڑی چلا رہا ہے جس سے وہاں موجود دیگر افراد کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ وہاں موجود افراد نے گاڑی کی فلم بنا کر نہ صرف پولیس کو ارسال کی بلکہ اسے سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کر دیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ جو ں ہی کنٹرول روم میں اطلا ع ملی فوری طور پر الزلفی ریجن کے ایک علاقے میں گشت پر مامور پولیس موبائل فورس کو لوکیشن ارسال کرکے ملزم کو گرفتار کر نے کے احکامات دیئے ۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ ایک نوعمر لڑکا مسجد سے ملحق پارک میں گاڑی چلا رہا ہے ۔ پولیس نے اسے گرفتار کر کے گاڑی اپنی تحویل میں لے لی جبکہ لڑکے کے خلاف مقدمہ دائر کر کے اسے بچوں کے اصلاحی مرکز میں بھجوا دیا گیا ۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوںکی کڑی نگرانی کریں تاکہ اس قسم کے واقعات پیش نہ آئیں ۔