Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 18 جولائی ، 2025 | Friday , July   18, 2025
جمعہ ، 18 جولائی ، 2025 | Friday , July   18, 2025
تازہ ترین

مملکت میں ’کیریکٹر‘ سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کریں؟

ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے پیشگی وقت حاصل کرنا ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ادارہ ’امن عامہ‘ کے ذمہ جہاں مملکت میں امن وامان کے قیام کی ذمہ داری ہے وہاں یہ ادارہ شہریوں اورمقیم غیرملکیوں کے قانونی امور کی دیکھ بھال کا بھی ذمہ دار ہے۔
وزارت داخلہ کی زیر نگرانی انتظامی امور کے تمام ادارے آتے ہیں جن میں ادارہ امن عامہ ، جوازات، ٹریفک پولیس، شہری دفاع وغیرہ شامل ہیں۔
ادارہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جسے عربی میں جوازات کہا جاتا ہے، یہ غیرملکیوں کے اقامے کا اجرا وتجدید اور ایگزٹ ری انٹری وفائنل ایگزٹ کے اجرا کے لیے مخصوص ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے شہریوں اورتارکین وطن کی سہولت کےلیےخدمات کی فراہمی ڈیجیٹل طریقے سے کی جاتی ہے جس کےلیے ’ابشر‘ اور’مقیم ‘پلیٹ فارم کی سہولت موجود ہے۔
۔۔۔۔ وزارت داخلہ کے پورٹل ’ابشر‘ پرایک شخص نے دریافت کیا کہ ’ ادارہ امن عامہ سےکیریکٹرسرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا کیا طریقہ ہے؟‘ 
سوال کے جواب میں ابشر اکاونٹ پرکہا گیا ہے کہ کیریکٹرسرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے ابشر اکاونٹ پرلاگ ان کیا جائے جہاں اپائنٹمنٹ کے براوزر پرجائیں، جس کے بعد محکمہ ’امن عامہ‘ کے پورٹل کا انتخاب کیا جائے بعدازاں پیشگی وقت حاصل کریں اور کریکٹرسرٹیفکیٹ کے آپشن کا انتخاب کیا جائے۔ 
مقررہ وقت پر اپنے شہر میں امن عامہ کے متعلقہ ادارے میں جائیں جہاں کریکٹرسرٹیفکیٹ پرنٹ کرکے دے دیا جائے گا۔ کریکٹرسرٹیفکیٹ کو عربی میں ’شھادۃ خلو السوابق ‘ کہا جاتا ہے۔ 
واضح رہے کہ کریکٹرسرٹیفکیٹ  ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے جس میں درخواست گزار کے حوالے سے معلومات درج کی جاتی ہیں۔ 
کریکٹرسرٹیفکیٹ بعض ممالک کے ویزے کے لیے بھی درکار ہوتا ہے جبکہ بعض اوقات مخصوص  اداروں کےلیے بھی اس کی ضرورت پڑسکتی ہے۔ 

ابشراورمقیم ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے قانونی امورانجام دیئے جاتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

محکمہ امن عامہ کی جانب سے جاری کردہ کریکٹرسرٹیفکیٹ مصدقہ ہوتا ہے جسے مطلوبہ مقام پرپیش کیا جاسکتا ہے۔ 
۔۔۔۔ جوازات کے ٹوئٹر پر ایک اور شخص نے دریافت کیا کہ ’میرے پاسپورٹ اوراقامے میں لقب کا فرق ہے جس کی وجہ سے مجھے خروج وعودہ ویزہ حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اسے درست کرنے کے لیے ابشر اکاونٹ پردرخواست دی مگر تاحال درست نہیں ہوا جس کی وجہ سے سفر کرنے میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا ، کیا کروں؟‘ 
سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کی جانب سے کہا گیا کہ اقامہ میں ذاتی معلومات کے حوالے سے درستی کے لیے جوازات کے دفترسے پیشگی وقت حاصل کریں ۔ وقت مقررہ پرجوازات کے دفتر جائیں اور پاسپورٹ ہمراہ لے کرجائیں، وہاں پہنچ کر اقامہ میں معلومات درست کروائی جاسکتی ہیں۔ 
واضح رہے کہ جوازات کے قانون کے مطابق غیرملکی کارکن اپنے معاملے کی انجام دہی کےلیے براہ راست جوازات سے رجوع نہیں کرسکتے بلکہ کارکن کے اسپانسر یا اسپانسر کی جانب سے مقرر کردہ نمائندے کو ہی جوازات کے دفتر سے رجوع کرنے کا اختیار ہے۔ 
ایسے افراد جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں وہ اپنے اہل خانہ کے اقامے میں درستی کےلیے خود جوازات سے رجوع کرسکتے ہیں۔

شیئر: