آسام .... ہندوستانی ریاست آسام میں گائے چوری کے الزام میں 2مسلمان نوجوانوں کو قتل کردیاگیا۔ مرنے والوں کی شناخت ابو حنیفہ اور ریاض الدین کے نام سے ہوئی ہے۔ ہند میں گائے کے تحفظ کے نام پر ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔آسام کے نوگاﺅں ضلع میں گائے چوری کے الزام میں مقامی لوگوں نے 2نوجوانوں کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ علاقے میں کشیدگی ہے۔ نوگاﺅں کے پولیس حکام نے بتایا کہ جب پولیس جائے وقوعہ پہنچی تو وہاں ہجوم دونوں نوجوانوں کو لاٹھیوں سے پیٹ رہا تھا۔ دونوں کو اسپتال منتقل کردیاگیا تاہم دونوں نے دم توڑ دیا۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ نوجوانوں کے جسموں پر تشدد کے واضح نشانات ہیں۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے تک نوجوانوں کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔