راولپنڈی ...آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیریوں کو کسی جبر وخوف کے بغیر زندگی گزارنے کا حق ہے۔ کشمیر میں ہندوستانی فوج ریاستی دہشت گردی کر رہی ہے۔اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا۔ انہیں ہند جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر جنرل باجوہ نے کہا کہ عوام کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔پاکستان لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہند ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر مسلسل جارحیت کر رہا ہے۔ پاکستان کشمیر میں بچوں اور عورتوں پر مظالم سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ آرمی چیف کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔