پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں بزرگ خاتون کے قتل کا سراغ لگاتے ہوئے پولیس نے گھر کے چوکیدار کو حراست میں لیا ہے۔
تھانہ حیات آباد کے ایس ایچ او تیمور خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ چوکیدار آصف خان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ مالکن اس کی تنخواہ نہیں بڑھا رہی تھی۔
مزید پڑھیں
-
کوئٹہ میں فائرنگ سے سابق افغان پولیس کمانڈر عبدالصمد اچکزئی قتلNode ID: 707721
-
’بیٹی کو پھولوں کی طرح پالا، شوہر نے نماز پڑھتے ہوئے قتل کر دیا‘Node ID: 708316
پولیس کے مطابق قتل کا یہ واقعہ پیر 10اکتوبر کی شب حیات آباد کے فیز تھری میں پیش آیا۔
مقتولہ خاتون کی عمر 65 برس تھی۔ لاش ہسپتال منتقلی کے بعد پولیس نے جب جائے وقوعہ کا جائزہ لیا تو انہیں کوئی شواہد نہ ملے۔
پولیس نے گھر پر موجود افراد سے پوچھ گچھ شروع کی تو چوکیدار آصف خان نے بتایا کہ وہ اپنے کام میں مصروف تھا جب ایک شخص چہرے پر کپڑا لپیٹے دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور مالکن کو قتل کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے شک گزرنے پر گھر کی تلاشی لی تو باورچی خانے سے ایک چھری ملی جس پر خون کے دھبے تھے۔
چوکیدار آصف خان سے اس حوالے سے سوالات کیے گئے تو اس نے متضاد جواب دیے اور بات کو بدلنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق مزید سوالات اور تفصیل پوچھنے پر بالآخر چوکیدار نے اعتراف جرم کر لیا۔
ایس ایچ او تیمور خان کے مطابق ’مقتولہ کے شوہر نے بتایا کہ جب وہ گھر آئے تو ان کی اہلیہ شدید زخمی حالت میں پڑی تھیں اور گھر پر صرف آصف خان چوکیدار موجود تھا۔‘
پولیس نے مقتولہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں ملازم آصف خان کے خلاف قتل کا مقدمہ
درج کر کے حراست میں لیا۔ ایف آئی آر میں وجہ عناد تنخواہ نہ بڑھانا بتایا گیا ہے۔












