جدہ میں 180 لیبر کیمپ خلاف ورزی پر خالی کرادیے گئے
’لیبر کیمپوں کا جائزہ لیا گیا اور وہاں صفائی ستھرائی اور معیار کو بھی دیکھا گیا ہے‘ (فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے شہر میں 180 لیبر کیمپوں کو ضابطوں کی خلاف ورزی پر خالی کروادیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے گزشتہ دنوں 934 لیبر کیمپوں کا دورہ کیا ہے۔
جدہ کے میئر انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے کہا ہے کہ ’لیبر کیمپوں کا جائزہ لیا گیا اور وہاں صفائی ستھرائی اور معیار کو بھی دیکھا گیا ہے‘۔
’تفتیشی دورے میں شامل ہونے والے تمام کیمپوں میں جراثیم کش ادویہ کا استعمال کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جن کیمپوں میں معیار اور ضوابط کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں ان کمپنیوں کی انتظامیہ کو طلب کیا گیا ہے‘۔
’جن 180 کیمپوں کو خالی کرایا گیا ہے وہاں سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں کے علاوہ صحت کے معیارات کی بھی خلاف ورزی ہو رہی تھی‘۔