ڈالر ریٹ میں ہیر پھیر، فراڈ سے کیسے بچیں اور پنجاب حکومت کے لانگ مارچ کا حصہ نہ بننے سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ڈالر ریٹ میں ہیر پھیر، فراڈ سے کیسے بچیں اور پنجاب حکومت کے لانگ مارچ کا حصہ نہ بننے سمیت پاکستان میں گذشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ہفتہ 8 اکتوبر 2022 0:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اسلام آباد میں گینگز نے درجن بھر سے زائد لوگوں کو جعلی پے آرڈر کے ذریعے لوٹا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے ہیر پھیر میں آٹھ کمرشل بینکوں کا مبینہ طور پر ملوث ہونا، پرائیوٹ جہاز کی خریداری، بلوچستان کے پستہ قد نوجوان کی کامیابی اور پنجاب حکومت کے عہدیدار کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممکنہ لانگ مارچ میں حصہ نہ بننے سے متعلق بیان جیسی خبریں پاکستان میں لوگوں کی دلچسپی کے موضوعات میں شامل رہیں۔
ڈالر ریٹ میں ہیر پھیر، آٹھ کمرشل بینکوں کی فہرست کمیٹی میں پیش
پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں مبینہ ہیر پھیر کے ذریعے اربوں روپے کمانے والے آٹھ کمرشل بینکوں کی فہرست قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کر دی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ایچ بی ایل، یو بی ایل، الائیڈ بینک، نیشنل بینک، میزان بینک، بینک الحبیب، سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اور حبیب میٹرو بینک نے بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔
بزنس جیٹ میں اخراجات زیادہ ہوتے ہیں جن میں سے ایک پائلٹ کی سیمولیٹر پر سالانہ تربیت ہے۔ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان میں پرائیویٹ جہاز کیسے خریدا جا سکتا ہے؟
پاکستان میں ذاتی طیارہ رکھنا اب ایلیٹ طبقے کا نیا فیشن بن گیا ہے اور نہ صرف یہ کہ پاکستان کی کئی نجی کمپنیوں نے اپنے جہاز رکھے ہوئے ہیں بلکہ کئی شخصیات جن میں بڑے کاروباری افراد سے لے کر ٹی وی اینکرز تک شامل ہیں، نے اپنے طیارے رکھے ہوئے ہیں جن پر وہ ملک کے اندر اور باہر سفر کرتے ہیں۔
پاکستان ایئر کرافٹ اونرز اینڈ آپریٹرز ایسوسی ایشن کے بانی عمران اسلم خان جہازوں کی ایک پرائیویٹ کمپنی سکائی ونگز کے مالک ہیں۔ انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان میں کئی لوگوں نے اپنے ذاتی طیارے رکھے ہوئے ہیں جو ملک کے بڑے ایئر پورٹس کراچی، اسلام آباد اور لاہور پر موجود رہتے ہیں۔
ثنا اللہ نے چند روز قبل ہی فرانس کی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کی ہے۔ (فوٹو: ثنا اللہ)
’تم نہیں کر سکتے‘ کے جواب میں بلوچستان کے ثنا اللہ نے سب کو حیران کر دیا
’بچے تو بچے بڑے بھی مجھ پر آوازیں کستے تھے اور کہتے تھے کہ تم اپنے بیگ کا وزن نہیں اٹھا سکتے تو پڑھائی کیا کرو گے۔ کبھی دھکا دے کر نالے میں گرا دیتے تو کبھی سر پر مٹی ڈال دیتے۔‘
یہ کہنا ہے ثنااللہ فیض کا جنہیں گلی محلوں میں سکول کالج اور یونیورسٹی جاتے ہوئے اپنے پستہ قد کی وجہ سے مذاق کا نشانہ بنایا جاتا تھا لیکن بلوچستان کے ضلع مستونگ کے پسماندہ علاقے کانک کے لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے تمام مشکلات کے باوجود اپنا لوہا منوایا۔
ہاشم ڈوگر نے انٹرویو میں ایک مرتبہ پھر کہا کہ وہ اپنی اس بات پر قائم ہیں کہ جیل کے اندر شہباز گل پر تشدد نہیں ہوا۔ (فوٹو: اے پی پی)
’پنجاب حکومت عمران خان کے لانگ مارچ کا حصہ نہیں بنے گی‘
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں وزیر اعلٰی پرویزالٰہی کی حکومت کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے اردو نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں بتایا ہے کہ اگر عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہیں تو پنجاب حکومت اس کا حصہ نہیں بنے گی۔
جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ کیا پنجاب حکومت لانگ مارچ میں حصہ لینے والوں کو سہولیات فراہم کرے گی؟ تو ان کا جواب تھا کہ ’دیکھیں سہولیات نہیں دی جائیں گی۔ ہم سرکاری وسائل استعمال نہیں کریں گے۔ کیونکہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے۔ حکومت کو اس کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔‘
پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے جیل بھیج دیا ہے۔ (فوٹو: خیبر پختونخوا پولیس)
’انصاف میں تاخیر‘، بزرگ شہری نے بھائی کے قتل کے ملزمان کو ہلاک کردیا
پولیس کے مطابق ’قتل کا یہ واقعہ ضلع صوابی میں منگل کے روز جوڈیشل کمپلیکس میں پیش آیا جہاں 65 سالہ شخص فقیر گل نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی کے قتل کے دو ملزمان کو ہلاک کردیا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ ملزمان عدالت میں پیشی کے لیے آرہے تھے۔‘
زیادہ تر گاڑیوں کی فروخت میں جعلی پے آڈر کا فراڈ ہوتا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں جعلی پے آرڈر کی بڑھتی شکایات، فراڈ سے کیسے بچا جائے؟
اسلام آباد کے رہائشی ڈاکٹر عمران اللہ خان ایک مقامی یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں انہوں نے ایک آن لائن ویب سائٹ پر اپنی نئی ان رجسٹرڈ گاڑی ہونڈا سٹی ایسپائر کی فروخت کا اشتہار دیا اور ڈیل طے ہونے پر ایک پارٹی کو 45 لاکھ 80 ہزار میں ’فروخت‘ کر دی۔
خریدار نے ڈاکٹر عمران کے گھر آ کر گاڑی کی فروخت کا معاہدہ طے کیا۔ اشٹام پیپرز پر فریقین کے دستخط ہوئے. انہیں مقامی بینک کا پے آرڈر دیا اور گاڑی لے کر روانہ ہو گئے۔
ڈاکٹر عمران اگلے دن پے آرڈر لے کر بینک پہنچے تو ان کے پیروں تلے زمین نکل گئی جب انہیں معلوم ہوا کہ پے آرڈر جعلی تھا اور ان کے ساتھ فراڈ ہو گیا۔