کئی سرمایہ کاروں پر سعودی کیپٹل مارکیٹ لائحہ عمل کی خلاف ورزی کا شبہ
اتوار 2 اکتوبر 2022 22:29
تادیبی کمیٹیوں کے حتمی فیصلے ویب سائٹ پر جاری کیے جائیں گے( فائل فوٹو العربیہ)
سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے مارکیٹ لائحہ عمل کی خلاف ورزی کے شبے میں متعدد سرمایہ کاروں کو پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے اتوار کو بیان میں کہا کہ ’ بعض سرمایہ کاروں پر شیئرز کے نرخوں پر اثر انداز ہونے کے لیے منفی سرگرمیوں کا شبہ ہے۔ یہ کام اتھارٹی میں رجسٹرڈ ریئل سٹیٹ فنڈز اور متعدد کمپنیوں کے شیئرز کے لین دین کے دوران کیا گیا ہے‘۔
اتھارٹی نے کہا کہ’ وہ اپنے قانون، لائحہ عمل اورمارکیٹ کو غیر قانونی سرگرمیوں سے بچانے کے سلسلے میں پرعزم ہے‘۔
اتھارٹی نے کہا کہ ’متعلقہ کمیٹیوں کی جنرل سیکریٹریٹ اپنی ویب سائٹ پران سرمایہ کاروں کے حوالے سے باقاعدہ تفصیلات جاری کرے گی جو مبینہ دفعات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں‘۔
اس حوالے سے سرمایہ کاروں کے خلاف تادیبی کمیٹیوں کے حتمی فیصلے بھی ویب سائٹ پر جاری کیے جائیں گے۔
اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’متاثرین کو حق ہوگا کہ وہ خلاف ورزیاں ثابت ہوجانے پرمارکیٹ قانون کی دفعہ 57 کے بموجب تادیبی کمیٹی کے سامنے معاوضے کا مطالبہ رکھیں تاہم انہیں پہلے اتھارٹی کے پاس سرمایہ کاروں کے خلاف شکایت درج کرانا ہوگی‘۔