ممبئی۔۔۔۔دنیا کی وزنی ترین خاتون ایمان احمد کو اب متحدہ عرب امارات بھیجا جارہا ہے جہاں وہ ایک سال تک اپنا علاج کروائیں گی۔یہ بات ابوظبی میں ایک اسپتال کے بانی ہند نژاد ڈاکٹر شمشیر نے بتائی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے خاتون کی میڈیکل رپورٹیں دیکھی ہیں جبکہ سیفی اسپتال ممبئی نے اس کی طبی صورتحال کے بارے میں ایک رپورٹ بھی بھیجی ہے۔اتوار کو ایمان احمد کو ابوظبی میں قائم برجیل اسپتال منتقل کردیا جائیگا۔ ڈاکٹر شمشیر نے جمعرات کو ممبئی میں ایمان احمد اور وہاں علاج کرنیوالے ڈاکٹروں سے ملاقات بھی کی تھی۔ممبئی سے متحدہ عرب امارات تک 6گھنٹے کے سفر میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ایمان احمد کے ساتھ ہوگی جبکہ 3تربیت یافتہ نرسیں بھی ہونگی۔ایمان کی بہن شائمہ نے ابوظبی جانے کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے وعدہ کیا گیا کہ ہماری بہن مکمل صحت یاب ہوکر چلنے پھرنے کے قابل ہوجائیگی۔ مقامی طور پر تیاراسٹریچر مضبوط نہیں ہیں اسلئے ابوظبی کے اسپتال نے اٹلی سے ہائیڈرولک اسٹریچر منگوائی ہے۔