اسلام آباد... وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے ہندوستانی صنعت کار سجن جندال کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی تصدیق کردی۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے بتایا کہ سجن جندال وزیر اعظم کے پرانے دوست ہیں ملاقات خفیہ نہیں۔ اس بات کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جانا چاہیئے۔ واضح رہے کہ نواز شریف سے صنعت کار سجن جندال نے گزشتہ روز مری میں ملاقات کی تھی۔ خبر رساں ایجنسیوں نے دعوی کیا کہ جندال نے نریندر مودی کا خصوصی پیغام پہنچا یا ۔ وفد خصوصی طیارے کے ذریعے کابل سے اسلام آباد پہنچا تھا ۔ ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر نواز، مودی ملاقات کے حوالے سے اہم امور پر بات چیت کی گئی ۔ ۔ ذرائع کے مطابق ہندوستانی وفد کا دورہ پاک، ہند بیک ڈور ڈپلومیسی کا حصہ ہو سکتا ہے ۔ دریں اثناءتحریک انصاف نے ہندوستانی تاجر کی وزیر اعظم سے ملاقات کے خلاف سندھ اور پنجاب اسمبلیوں میں قراردادیں جمع کرادیں۔پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ ہندوستانی وفد نے نواز شریف کو مری میں مودی کا پیغام پہنچایا۔ پاکستانی عوام کو اس ملاقات کے اغراض و مقاصد سے آگاہ نہیں کیا گیا جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔سندھ اسمبلی میں بھی پی ٹی آئی کے رکن خرم شیر زمان نے مذمتی قرارداد جمع کرائی۔جس میں کہا گیا کہ دشمن ملک کے تاجر سے وزیر اعظم کی ملاقات باعث تشویش اور قابل مذمت ہے۔