پاکستان میں 5 سے 12 برس کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ
اتوار 18 ستمبر 2022 17:31
این آئی ایچ نے اعلان کیا کہ بچوں کو یہ ویکسین کسی بھی سینٹر سے مفت لگوائی جا سکتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں 5 سے 12 برس کی عمر تک کے بچوں کو کورونا ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق این آئی ایچ نے اعلان کیا کہ ’بچوں کو یہ ویکسین کسی بھی سینٹر سے مفت لگوائی جا سکتی ہے۔‘
این آئی ایچ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’لوگ اپنے بچوں کو کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوائیں، دوسری خوراک پہلی خوراک کے بعد 21 سے 56 دنوں کے اندر لگوا لی جائے۔‘
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس فروری 2020 میں ریکارڈ ہوا تھا جس کے بعد حکومت نے اس وبا پر قابو پانے کے لیے ملک کے مختلف حصوں میں جزوی لاک ڈاؤن کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن کا آغاز فروری 2021 میں کیا تھا، اس وقت فرنٹ لائن ورکرز اور بزرگ شہریوں کو پہلی ترجیح کے طور پر ویکسین لگائی گئی تھی۔
بعد میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ویکسینیشن مہم کو آئندہ چند ماہ کے دوران ہر عمر کے افراد تک توسیع دے دی جائے گی اور اس مقصد کے لیے حکومت پاکستان کو بیرونی ممالک اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ویکسین عطیہ بھی کی گئی تھی۔