برکینا فاسو کے وفد نے کنگ عبدالعزیز سینٹر فار نیشنل ڈائیلاگ کا دورہ کیا
برکینا فاسو کے وفد نے کنگ عبدالعزیز سینٹر فار نیشنل ڈائیلاگ کا دورہ کیا
جمعہ 9 ستمبر 2022 22:48
وفد نے مرکز کی سرگرمیوں اور ایونٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں(فوٹو ایس پی اے)
برکینا فاسو کی وزیر خارجہ اور ان کے وفد نے حال ہی میں برکینا فاسو میں سعودی سفیر ڈاکٹر ولید بن عبدالرحمن الحمودی کے ہمراہ کنگ عبدالعزیز سینٹر فار نیشنل ڈائیلاگ کا دورہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ عبدالعزیز سینٹر فار نیشنل ڈائیلاگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الفوزان اور مرکز کے متعدد عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔
وفد نے مرکز کی سرگرمیوں اور ایونٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں، جو انسانی معاشروں کے درمیان مکالمے کے تصورات، رواداری اور بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دیتے ہیں۔
وفد کو کنگ عبدالعزیز سینٹر فار نیشنل ڈائیلاگ کی پیشرفت، اس کی حکمت عملی اور مملکت کے وژن 2030 کے اصلاحاتی منصوبوں سے متعلق حالیہ انیشیٹوز کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
وفد نے مرکز کی طرف سے حال ہی میں منعقد ہونے والے سب سے نمایاں مکالمے اور ثقافتی تقریبات کا بھی جائزہ لیا۔
کنگ عبدالعزیز سینٹر فار نیشنل ڈائیلاگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ بن محمد الفوزان نے مرکز اور افریقی بین الاقوامی اداروں بشمول برکینا فاسو کے درمیان تعاون کے پُل تعمیر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
عبداللہ بن محمد الفوزان نے مزید کہا کہ تمام ممالک کے درمیان موثر تعلقات بات چیت اور دوسروں کے احترام پر مبنی ہیں۔
وفد نے نیشنل ڈائیلاگ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی ہے( فوٹو ایس پی اے)
انہوں نے نوٹ کیا کہ بات چیت سے تعاون اور مشترکہ مفادات کے حصول میں مدد ملتی ہے۔
برکینا فاسو کی وزیر خارجہ نے مختلف معاشروں اور ثقافتوں کے درمیان انسانی اقدار اور بقائے باہمی کے فروغ میں کنگ عبدالعزیز سینٹر فار نیشنل ڈائیلاگ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔
بعد ازاں وفد نے انٹرایکٹو ڈائیلاگ نمائش کا دورہ کیا جہاں انہیں نمائش کے مختلف حصوں کے بارے میں بتایا گیا جس میں مملکت کے تجربے کے ساتھ ساتھ امن کی ثقافت کو پھیلانے اور نسل پرستی کو مسترد کرنے میں نیلسن منڈیلا کا تجربہ بھی شامل ہے۔