Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

سعودی وزارت دفاع کے مینجمنٹ آفس کے عہدیدار کی آرمی چیف سے ملاقات

ڈاکٹر سمیر بن عبدالعزیز الطبیب نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بھی دکھ کا اظہار کیا۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کی وزارت دفاع کے ٹرانسفارمیشن مینجمنٹ آفس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر سمیر بن عبدالعزیز الطبیب نے ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی اس ملاقات کے حوالے سے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بیان جاری کیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مملکت کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور عالم اسلام میں اس کے منفرد مقام کو تسلیم کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز مہمان نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا اعتراف کیا اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر سمیر بن عبدالعزیز الطبیب نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بھی دکھ کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوششوں پر آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: