Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025

واٹس ایپ کے ذریعے نوجوان کو خودکشی پر مجبور کرنے والے شخص کو سزا

واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغامات موصول ہونے پر کم عمر لڑکے نے خودکشی کر لی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
سپین کی عدالت نے ایک نوجوان کو خودکشی کی نہج تک پہنچانے والے ادھیڑ عمر شخص کو 10 برس قید کی سزا سنائی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دسمبر 2016 میں ایک 60 سالہ شخص نے واٹس ایپ پر کم عمر لڑکے کو ڈرانے دھمکانے والے سینکڑوں پیغامات بھیجے تھے۔ اس وقت لڑکے کی عمر 17 برس تھی۔
منگل کو سپین کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اس شخص نے لڑکے کے واٹس ایپ پر تین گھنٹے کے دورانیے میں 119 ڈرانے دھمکانے والے پیغامات بھیجے۔
عدالت کے مطابق اس نوجوان نے کئی بار اس شخص سے معافی مانگی اور خبردار بھی کیا کہ اگر اس قسم کے پیغامات بھجواتا رہا تو وہ خود کو مار ڈالے گا۔
 فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لڑکے کو پہنچنے والی اذیت سے مجرم بخوبی آگاہ تھا اور اسے یہ بھی علم تھا کہ وہ خودکشی کر سکتا ہے۔
مجرم نے اپنے پیغامات میں لڑکے پر الزامات عائد کیے تھے کہ اس نے کم عمری میں غیر مناسب ویب سائٹس دیکھیں اور دھمکیاں دی  کہ وہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔
مجرم نے اپنے پیغام میں لکھا ’میں تمہارے والدین کو بھی تباہ کر دوں گا کیونکہ تم نے بالغوں کے لیے مخصوص ویب سائٹس دیکھیں۔‘
ان پیغامات کے بعد نوجوان نے اپنے گھر کی چھت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی تھی جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
عدالت کے مطابق لڑکے کی خودکشی کے واقعے کے بعد بھی مجرم واٹس ایپ پر دھمکی آمیز پیغامات بھجواتا رہا۔
لڑکے کے والدین اور بھائی کو ’اخلاقی نقصان‘ پہنچانے پر عدالت نے مجرم کو ایک لاکھ 71 ہزار ڈالر کا ہرجانہ بھی ادا کرنے کو کہا ہے۔

شیئر: