پاکستان انٹر نیشنل اسکول انگلش سیکشن میں Y13 کی گریجویشن تقریب
آج آپکے نئے سفر کا نقطہ آغاز ہے جس میں نئی جہتوں سے واسطہ پڑے گا، پرنسپل عدنان ناصر، آپ جہاں بھی ہوں ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ پاکستان سے ہیں، ڈپٹی قونصل جنرل آصف میمن کا خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی)پاکستان انٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن میں ”اے لیول“ کے طلباءو طالبات کی گریجویشن تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی قونصل جنرل آصف حسین میمن تھے۔ پرنسپل عدنان ناصر نے طلبہ وطالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا گریجویشن آپ کی اسکول کی زندگی کا نقطہ عروج قرار د ی جا سکتی ہے تاہم یہ ایک ایسے سفر کا نقطہ آغاز ہے جس کے ہر قدم پر آپ کو نئی جہتوں سے واسطہ پڑتا ہے ۔ جستجو کی نئی منزلوں سے شناسائی ہوتی ہے تاکہ آپ اپنے ملک کےلئے خصوصاً اور دنیا بھر کے لئے عموماً ذمہ دار اور لائق شخصیت بن سکیں۔آج میں آپ کو عنابی گریجویشن گاﺅنز میں دیکھتے ہوئے ایک سال کے اس مختصر عرصے کو یاد کر رہا ہوںجب آپ سے میری پہلی ملا قات ہوئی تھی ۔ آپ نے جس دلچسپی سے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لیا اس نے آپ کو پی آئی ایس جے، ای ایس کے لئے باعث فخر بنا دیا۔آج میں بجا طور پر یہ کہہ سکتا ہوں کہ مجھے آپ پر فخر ہے۔پرنسپل نے اسکول کے عملے کے تمام ارکان کے لئے بھی تہ دل سے اظہار تشکرکیا جن کے باعث طلبہ و طالبات کامیابی کی اس منزل تک پہنچ سکے۔انہوںنے والدین کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ بعدازاںڈپٹی قونصل جنرل اور پرنسپل عدنان ناصر نے کامیاب طلبہ و طالبات میںشیلڈز، اسناد اورتمغے تقسیم کئے۔ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں وفا اشعر نے اے ایس اکاﺅنٹنگ میں ”ٹاپ ان دی ورلڈ“ جبکہ اے ایس اکنامکس میں ” ٹاپ ان دی کنٹری “ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ چوہدری حیدر علی نے اے ایس انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں ” ٹاپ ان دی کنٹری کا ایوارڈ حاصل کیا۔اس کے علاوہ مئی جون 2016ءکیمبرج اے ایس کے بیرونی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوںمیں 4A* کے ساتھ ملیحہ مسعود، سبحہ محسن، محمد عبداللہ اور وفا اشعر شامل ہیں۔ وہ اساتذہ جن کے طلباءنے کیمبرج کے بیرونی امتحانات میں ”ٹاپ ان دی ورلڈ“ اور ’ ’ ٹاپ ان دی کنٹری “ کے ایوارڈ حاصل کیے ان کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے انھیں اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ان میں محمد صدیق (اکاﺅنٹنگ)، محمد شعب( انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی) اور ارم توفیق (اکنامکس) شامل ہیں۔ اس موقع پر سال کے بہترین طالب علموںقاسم نور اوروفا اشعرنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ ،والدین اور خاص طور پر اسکول کے پرنسپل عدنان ناصر کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ہم زندگی کے نئے باب کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ آگے چل کر بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا مگر اسکول نے ہمیں تعلیم اور کردار سازی کے حوالے سے جو کچھ عطا کیا ، ہمیں یقین ہے کہ اس کے ذریعے ہم ان چیلنجز کا بآسانی مقابلہ کر سکیں گے ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی آصف حسین میمن انتہائی منظم اور باوقار تقریب کے اہتمام پر پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے اسکول کے پرنسپل عدنان ناصر ، ایدمنسٹریشن ، اساتذہ اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آ پ آج اس ادارے کو چھوڑ کر انجان منزلوں کی جانب گامزن ہو رہے ہیں ۔ آپ جہاں بھی ہوں ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ پاکستان سے ہیں اور پاکستان آپ سے ہے۔ تقریب کے آخر میںکیک بھی کاٹا گیا۔