’غیر قانونی کنووں کے مالکان پر 25 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘
دی گئی مہلت کے ختم ہونے میں 9 دن باقی رہ گئے ہیں(فوٹو سبق)
سعودی وزارت ماحولیات وپانی کی جانب سے غیر لائسنس یافتہ کنووں کے مالکان کواصلاح حال کےلیے دی گئی مہلت کے ختم ہونے میں 9 دن باقی رہ گئے ہیں۔
مہلت ختم ہونے پرغیرقانونی کنووں کے مالکان پر 25 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت ماحولیات وپانی کی جانب سے مملکت بھرمیں ایسے کنووں کے مالکان کوخبرار کیا تھا جو غیرقانونی طورپرکنویں قائم کیے ہوئے تھے۔ وزارت نے اس حوالے سے غیرقانونی کنووں کے مالکان کو دوبرس کی مہلت دی تھی کہ وہ اس دوران اپنی جائیدادوں پربنائے گئے کنووں کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں۔
وزارت ماحولیات کے قانون کے مطابق کنویں کھودنے کےلیے وزارت سے باقاعدہ لائسنس حاصل کرنا ہوتا ہے ۔ لائسنس کے بغیر کھودے گئے کنوئیں پر25 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے علاوہ ازیں کنویں کوبند کیا جاتا ہے۔
اس ضمن میں وزارت نے ایسے کنووں کے مالکان کو مہلت دی تھی کہ وہ اپنے کنووں کی جملہ تفصیلات سے وزارت کی ویب سائٹ پردیئے گئے پورٹل پرمطلع کریں اورکنوئیں کا لائسنس حاصل کریں ۔
کنووں کے بارے میں فراہم کی جانے والی تفصیلات میں کنوئیں کی غرض وغایت ، گہرائی ، پانی کے لیبارٹری ٹیسٹ کی رپورٹ وغیرہ شامل ہیں علاوہ ازیں کنویں کا استعمال اور اس کا محل وقوع بھی بیان کرنا ضروری ہے۔