سعودی عرب کی انٹرنیشنل شوگر آرگنائزیشن کے اجلاس میں شرکت
سعودی گرین آرگنائزیش (ساگو) نے اجلاس میں مملکت کی نمائندگی کی( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب نے حالیہ دنوں فجی میں ہونے والے انٹرنیشنل شوگر آرگنائزیشن کے 60 ویں اجلاس میں شرکت کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مملکت نے 15 سے 19 اگست کے درمیان منعقد ہونے والی ورکشاپس میں بھی حصہ لیا۔
سعودی عرب میں اناج کے ذخیرے کی ذمہ دار تنظیم سعودی گرین آرگنائزیش (ساگو)نے مملکت کی نمائندگی کی۔
ساگو کے گورنر احمد بن عبدالعزیز الفارس نے کہا کہ بین الاقوامی شوگر معاہدے (آئی ایس او) کے اجلاسوں میں مملکت کی شرکت چینی کی عالمی تجارت میں اہم کردار کی وجہ سے ہوئی جو فوڈ سکیورٹی کے نظام میں تنظیم کے کردار کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
سیشن میں چینی کی عالمی منڈی یعنی موسمیاتی تبدیلی اورعالمی سپلائی پر اس کے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیشن میں مارکیٹ کی تازہ ترین پیشرفت، عالمی طلب اور رسد کو متاثر کرنے والے اہم ترین عوامل کا بھی جائزہ لیا گیا۔
سیشن میں خام چینی پیدا کرنے والی فصلوں سے ایندھن (ایتھنول) کی پیداوار سے متعلق تازہ ترین پیش رفت پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس او لندن میں قائم ایک بین الحکومتی ادارہ ہے۔ یہ 1968 میں بین الاقوامی شوگر معاہدے کے تحت قائم کیا گیا تھا جو معاہدے کے انتظام کے لیے ذمہ دار ادارہ تھا۔
آئی ایس او کے87 رکن ممالک ہیں اور اسے اجناس کی مارکیٹ کے بارے میں معلومات جمع کرنے، اس کے نئے استعمال اور متعلقہ مصنوعات کی تحقیق کے ذریعے چینی کی تجارت کی حوصلہ افزائی کا کام سونپا گیا ہے۔