پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے 100 امدادی ٹرک روانہ
سعودی سفیر کے مطابق سعودی عرب ہمیشہ سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہے۔ (فوٹو: ریلیف سینٹر)
کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہنگامی امداد سے لدے 950 ٹن ضروری اشیائے خوردونوش کے 100 ٹرک روانہ کر دیے ہیں۔
دس ہزار فوڈ پیکج پاکستان کے تمام صوبوں کے 17 اضلاع میں رہنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد میں تقسیم کیے جائیں گے۔
اس فوڈ پیکج میں تمام تر ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں۔
ایک فوڈ پیکج کا مجموعی وزن 95 کلوگرام بنتا ہے جس میں 80 کلو آٹا، پانچ لیٹر کوکنگ آئل، پانچ کلو چینی، پانچ کلو دال چنا شامل ہیں۔
یہ فوڈ پیکج قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) اور مقامی حکومت کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اس غذائی پیکج سے 70 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں اور سعودی عرب ہمیشہ سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہے۔
این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹینٹ جنرل اختر نواز نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، کنگ سلمان ریلیف سینٹر اور سعودی قیادت کا سیلاب متاثرین اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے امداد پر شکریہ ادا کیا۔
گزشتہ ماہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی سیلاب سے متاثرہ گھرانوں میں پانچ ہزار فوڈ پیکجز تقسیم کیے تھے۔ اس سے تقریبا 35 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔