سعودی سفیر کی اردن کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
سعودی سفیر کی اردن کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال
پیر 22 اگست 2022 15:33
اردن سے سعودی عرب کی تجارت گزشتہ سال 16.6 بلین ریال تک پہنچ گئی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
اردن کے دارالحکومت عمان میں تعینات سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری نے اردن کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اردن کی سینیٹ کے صدر فیصل فیاض کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقات میں سعودی سفیر نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہم اور تاریخی قرار دیا ہے۔
دونوں ممالک کے رہنما اعلی سطح پر مسلسل ترقی کےخواہاں ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان عربوں سے متعلق تمام مسائل اور مشترکہ مفادات پر مسلسل ہم آہنگی اور مشاورت جاری ہے۔
فیصل فیاض نے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما دوطرفہ تعلقات کی اعلی سطح پرمسلسل ترقی کے خواہاں ہیں جس پر انہیں فخر ہے۔
اردن کی نیوز ایجنسی پیٹرا کی جانب سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں اردنی سینیٹ کے صدر نے کہا ہے کہ عمان مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافے کا منتظر ہے۔
دریں اثنا نایف السدیری نے اردن کے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ سعودی عرب اردن سے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اہم طور پر پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
سعودی عرب پچاس سال سے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر
اردن کی نیوز ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر سعودی سفیر نے عرب اور اسلامی سطحوں پر اردن کے کردار کی تعریف کی ہے اور بیت المقدس میں اسلامی اورعیسائی مقدس مقامات پر ہاشمی خاندان کی سرپرستی کی اہمیت اور اس سلسلے میں اردن کے لیے حمایت کو اجاگر کیا۔
سعودی سفیر السدیری نے سرمایہ کاری کے حوالے سے بتایا کہ اردن میں پرکشش ماحول اور عمدہ ساکھ کی وجہ سے سعودی عرب پچاس سال سے زائد عرصے سے یہاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ اردن کے ساتھ سعودی عرب کی تجارت گزشتہ سال 43 فیصد بڑھ کر16.6 بلین ریال تک پہنچ گئی ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ عمان کے موقع پر تجارت اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے جس کے بعد سرمایہ کاری میں مزید توسیع متوقع ہے۔