نئی دہلی ... وزیراعظم نریندر مودی نے افغان صدر اشرف غنی کو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ مودی نے مزار شریف میں فوجی مرکز پر حملے کے بعدافغان صدر کو خط لکھ کر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ مودی نے خط میں لکھا کہ ہر طرح کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افغانستا ن کی مدد کریں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے ٹویٹ کرکے کہا کہ وزیراعظم مودی نے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ نئی دہلی ، افغانستان اور وہاں کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے ہر طرح کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افغانستان کی حمایت کی ہے۔دریں اثناءکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے نئی دہلی میں کشمیر کی خراب صورتحال پر بات چیت کی۔ وادی کو موجودہ حالات سے باہر نکالنے کیلئے علیحدگی پسندوں سمیت تمام فریقوں سے بات چیت شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے بات چیت کیلئے ماحول سازگار ہونے پر پیش رفت کرنے اور دریائے سندھ آبی معاہدے سے نقصان کی تلافی کیلئے ضروری قدم اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔