جدہ : لوٹ مار کرنیوالا 11 رکنی ایشیائی گروہ گرفتار
ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ ریال اور مسروقہ مال برآمد
جدہ ( اسٹا ف رپورٹر ) ریجنل پولیس ترجمان کرنل ڈاکٹر عاطی القرشی نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں مطلوب 11 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے لاکھوں ریال برآمد کر لئے ۔ ملزمان کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے جنکی عمریں 25 سے 40 برس کے درمیان ہیں ۔ ڈاکٹر القرشی نے مزید بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ چند نامعلو م افراد پر مشتمل ایک گروہ شہر کے مختلف علاقوں میں لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ ملزمان کے بارے میں مختلف کمپنیوں کے سیلز مینوں نے بھی شکایات درج کروائی تھی ۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کو گرفتار کر نے کیلئے ان مقامات کی کڑی نگرانی شروع کردی جہاں انکی موجودگی کا شبہ تھا ۔ دوران تفتیش پولیس نے چند مشکوک افراد کو گرفتار کیا جن سے تحقیقات کرنے پر انہوں نے اپنی کارروائیوں کا اعتراف کرتے ہوئے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کر دی ۔ ملزمان کے قبضے سے لوٹے گئے 3لاکھ 20 ہزار ریال نقد اور 40 ہزار ریال کا مسروقہ مال برآمد ہوا ۔ ملزمان کے خلا ف لوٹ مار کا مقدمہ دائر کرکے انکا چالان عدالت بھجوا دیا گیا ۔