لاہور ... تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کامیاب ہوگی۔ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مستقبل قریب میں وزیر اعظم بنتے نہیں دیکھ رہی کیونکہ تحریک انصاف اپنے نظریہ پر عمل پیرا نہیں۔ ریحام خان نے کہا کہ اپنا ہر کام جلد بازی میں کرتی ہوں ۔عمران خان سے شادی کا فیصلہ غلط تھا۔طلاق کے بعد کسی سے کوئی پیسے یا مالی امداد نہیں لی حتیٰ کہ حق مہر بھی نہیں لیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کبھی پٹھان بھی سوچ سمجھ کر غلط فیصلے کر لیتے ہیں۔ عمران خان سے شادی کا فیصلہ غلط تھا البتہ طلاق کا فیصلہ میرے لئے غیر متوقع تھا۔ اس کا بالکل علم نہیں تھا کہ ایسا کچھ ہونے جا رہا ہے۔ ریحام نے بتایا جہانگیر ترین اور عمران خان کی سرگوشیاں سن لی تھیں بعد میں عمران خان سے صلح ہو گئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ کلر بلائنڈ ہوں اور رنگوں میں تمیز نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ آج تک کسی مرد یا عورت پر ہاتھ نہیں اٹھایا ۔ الزامات پر خاموشی کا مطلب یہ نہیں کہ کسی سے کوئی پیسے یا مالی تصفیہ کیا ہے اورنہ میری خاموشی کو خریدا جا سکتا ہے۔