6 وزارتوں سے تعلق رکھنے والے 78 افراد کرپشن کے الزام میں گرفتار
ہفتہ 30 جولائی 2022 13:28
’مذکورہ افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ذاتی مفادات حاصل کئے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ انسداد کرپشن نے 6 وزارتوں سے تعلق رکھنے والے 78 افراد کو رشوت، جعل سازی اور منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد کو ذو الحجہ کے مہینے کے دوران گرفتار کیا گیا ہے‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’مذکورہ کیسز میں 116 افراد سے تفتیش ہوئی ہے جبکہ گرفتار شدگان میں سے بعض افراد کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’کرپشن کے الزام میں زیر حراست افراد کا وزارت دفاع، وزارت داخلہ، وزارت صحت، وزارت انصاف، وزارت تعلیم اور وزارت بلدیاتی امور سے تعلق ہے‘۔
’مذکورہ افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ذاتی مفادات حاصل کئے ہیں، رشوت لی ہے، ذاتی مفاد کے حصول کے لیے سرکاری دستاویزات میں جعلسازی کی ہے جبکہ بعض پر منی لانڈرنگ کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے‘۔