Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025

نوجوانوں اور بچوں نے سعودی پرچم ، قومی نغموں اور توحید و اتحاد کے نعرے لگا کر یوم وطنی منایا

ریاض(واس)کل یکم میزان مطابق 23ستمبر 2016ء کو سعودی قائدین اور عوام نے 86واں یوم وطنی روایتی وقار اور جوش و خروش سے منایا۔ نوجوانوں ، بچوں ، عورتوں اور بزرگوں نے بھی قومی دن کے جشن اور اس کی تقریبات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نوجوان اور بچے سعودی پرچم لے کر قومی نغمے گاتے اور توحید و اتحاد کے نعرے لگاتے ہوئے شاہراہوں، سڑکوں ، چوراہوں اور میدانوں میں گھومتے رہے۔ یوم وطنی کا سب سے بڑا جشن دارالحکومت ریاض میں منایا گیا جہاں میونسپلٹی نے رنگا رنگ پروگرام ترتیب دئیے تھے۔ ریاض کے شہری اور مقیم غیرملکی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر شجرکاری کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں کے شانہ بشانہ بچے بھی پیش پیش رہے۔ موٹر سائیکلوں کی میراتھن کو بھی اس موقع پر بہت پسند کیا گیا اس میں ایک ہزار رضاکار شریک ہوئے۔سعودی پرچم ہاتھوں میں لئے ہوئے تھے ، سرحدوں پر وطن عزیز کے دفاع کے لئے تن من دھن کی قربانی دینے والے فوجیوں کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ امیر ترکی اول روڈ سے میراتھن کی شروعات ہوئی تھی۔ انس بن مالک روڈ کے چوک تک اس کا سلسلہ جاری رہا۔ آخر میں اول آنے والوں کو اعزاز سے نوازا گیا۔ریاض میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کی جانب سے یوم وطنی کی تقریبات منانے کے حوالے سے ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کا ماحول نظر آیا۔المربع محلے، کنگ عبدالعزیز ہسٹوریکل سینٹر اور نیشنل میوزیم میں خصوصی تقریبات ہوئیں، 27ذوالحجہ تک سلسلہ جاری رہے گا۔ کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد ہوئے۔یوم وطنی کی مناسبت سے حب الوطنی کا مظاہرہ نامی پروگرام میں پہلے ہی دن 12ہزار افراد سے زیادہ شریک ہوئے۔ مغربی ریجن میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسی طرح طائف کے ریجنل ایئرپورٹ پر قومی پرچم سجے ہوئے تھے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے گروپ فوٹو نمایاں نظر آرہے تھے۔ ایئرپورٹ جانے والے راستوں اور صحنوں ہی میں نہیں بلکہ ہوائی اڈے پر کام کرنے والی گاڑیوں کے ساتھ بھی سجاوٹ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ سعودی شہری ایک دوسرے کو یوم وطنی کی مبارک باد دیتے ہوئے پائے گئے ۔ طائف میں موٹر سائیکل سواروں کا دستہ شہار اسٹریٹ اور تاریخی محل شبرا پر قومی پرچموں کے ساتھ دوڑ لگاتے ہوئے دیکھے گئے۔مکہ مکرمہ ریجن کے اسکولوں میں 24ذوالحجہ سے 28ذوالحجہ تک یوم وطنی کی خصوصی تقریبات ہونگی۔ 1600سے زیادہ سرکاری و نجی اسکولوں نے یوم وطنی کے شاندار پروگرام تیار کررکھے ہیں۔یوم وطنی کی تقریبات میں مقررین نے طوائف الملوکی کے خاتمے پراگندہ شیرازہ جمع کرنے اور اتحاد و توحید کی بنیادوں پر سعودی ریاست قائم کرنے اور قرآن و سنت کو اس کا دستور بنانے نیز تعمیر و ترقی کے تمام شعبوں کی بنیادیں استوار کرنے پر بانیٔ مملکت شاہ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ساتھ ہی ان کے حکمراں بیٹوں شاہ سعود، شاہ فیصل ، شاہ خالد، شاہ فہد ، شاہ عبداللہ رحم اللہ علیہم کو کاروانِ تعمیر و ترقی آگے بڑھانے اور خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز کو ملک و قوم کی قیادت ، اسے مسائل کے بھنور سے نکالنے اور اسلامی ، عرب نیز عالمی معاشرے کی صلاح و فلاح کیلئے مثبت کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کی آفت سے مملکت کو نجات دلانے پر ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف اور قائد اعلیٰ کی ہدایت پر سعودی وژن 2030 نیز قومی تبدیلی پروگرام 2020تیار کرنے پر نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سراہا جبکہ ارض مقدس کی سرحدوں کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو خراج شکر و سلام تعظیم پیش کیا۔

شیئر: