بارشیں کہاں، کپتان کی جیت کیسے اور پاکستانی شہری کی انڈیا میں گرفتاری سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں
بارشیں کہاں، کپتان کی جیت کیسے اور پاکستانی شہری کی انڈیا میں گرفتاری سمیت پاکستان سے گزشتہ ہفتے کی اہم خبریں
ہفتہ 23 جولائی 2022 0:09
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پنجاب کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے واضح برتری حاصل کی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا میں گرفتار نوجوان پاکستانی شہری ہے، اتحادیوں کی خاموشی وفاقی حکومت کے لیے خطرہ ہو سکتی ہے اور پاکستان کے کن علاقوں میں بارشیں ہوں گی ہفتہ رفتہ کے دوران پاکستان سے اہم خبریں رہیں۔
اس دوران پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج اور وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے دوران لمحہ بلمحہ بدلتی صورتحال بھی قارئین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہی۔
کپتان کی جیت: پنجاب ضمنی الیکشن میں آخر ہوا کیا؟
پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شاندار فتح نے ملکی سیاست میں ہلچل مچا دی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت نے تمام اندازوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے اتنی واضح کامیابی حاصل کی کہ مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں کو بھی تسلیم کرنا پڑا کہ پی ٹی آئی کو لینڈ سلائیڈ فتح ملی ہے۔
پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں اب تحریک انصاف نہ صرف وزارت اعلی کی نشست حاصل کرنے کے قریب ہے بلکہ پاکستان کی قومی سیاست میں بھی اب عمران خان طاقتور ترین افراد میں شامل ہو گئے ہیں۔
پنجاب اور سندھ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے (فائل فوٹو: سندھ حکومت)
بدھ سے مون سون کا تیسرا سپیل، کن علاقوں میں زیادہ بارشیں؟
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے بدھ سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے تاہم بٖڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
پیر کو کراچی کے چیف میٹریالوجسٹ سردار سرفراز نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان میں بدھ سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔‘
پی ٹی آئی کے وزارت اعلی کے امیدوار چوہدری پرویز الہی نے بھی کمر کس لی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیراعلٰی پنجاب کا انتخاب: مسلم لیگ ن کا پلان بی کیا ہے؟
پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے وزیراعلی کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو ہونے جا رہا ہے۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو ملنے والی کامیابی کے بعد نئے وزیراعلی کا انتخاب کوئی بہت سادہ بات معلوم نہیں ہو رہی۔
اور اس بات کی سب سے بڑی وجہ مسلم لیگ ن کی جانب سے بھر پورمقابلہ کرنے کا اعلان اور دبے لفظوں میں اپنی کامیابی کے دعوے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کی فضاوں میں ایک مرتبہ پھر ن لیگ کے گیم میں واپس آنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد، حمزہ شہباز وزیراعلٰی پنجاب برقرار
پنجاب اسمبلی میں وزیراعلٰی کے انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے 186 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ حمزہ شہباز کو 179 ووٹ ملے۔
تاہم ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے چودھری شجاعت کے خط کو بنیاد بنا کر مسلم لیگ ق کے 10 ارکان کے ووٹ مسترد کر دیے جس کے بعد پرویز الٰہی کے ووٹوں کی تعداد 176 جبکہ حمزہ شہباز کے ووٹوں کی تعداد 179 ہوگئی۔
17 جولائی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے 20 میں سے 15 نشستیں جیتیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
’22 کو چار پانچ ممبران نہ آئے تو پرویز الہی وزارت اعلی کو دیکھتے رہ جائیں گے‘
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پہلے انہوں نے عمران خان کو مبارک باد دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جو گفتگو کی گئی اس کے بعد اب نہیں دیں گے۔
لاہور میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اگر 22 تاریخ کو چار پانچ ممبران نہ آئے تو پرویز الہی وزارت اعلی کو دیکھتے رہ جائیں گے۔
الیکشن سے قبل آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت حسین سے متعدد ملاقاتیں کیں (فوٹو: مسلم لیگ ق)
اتحادی جماعتوں کی خاموشی، وفاقی حکومت بھی ’خطرے میں‘
صوبہ پنجاب میں 20 نشتوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے بعد پنجاب سے مسلم لیگ (ن) اور اتحادیوں کی حکومت کے خاتمے کی راہ تو ہموار ہو گئی ہے لیکن وفاق میں وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت بھی خطرے میں دکھائی دے رہی ہے۔
تجزیہ نگاروں کے مطابق حکومت کے اتحادیوں کی خاموشی اور عمران خان کی جانب سے کسی بڑے سرپرائز کے بعد شہباز شریف مشکل سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
محمد اشرف نے اپنی والدہ سے کہا تھا کہ مجھے چلّے کے لیے ایک دربار پر جانا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
راجستھان میں گرفتار نوجوان پاکستانی شہری ہے: خاندان کی تصدیق
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر منڈی بہاؤالدین کے ایک رہائشی محمد اشرف نے تصدیق کی ہے کہ ان کا بیٹا انڈیا کی ریاست راجستھان میں پولیس کی حراست میں ہے۔
جمعرات کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے محمد اشرف نے بتایا کہ ’میرا بیٹا محمد رضوان عید الاضحیٰ سے قبل گھر سے نکلا تھا اور پھر اس کی انڈیا میں گرفتاری کی خبر سامنے آئی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’وہ انڈیا میں ہی ہے۔ پاکستان سے وہ عید سے پہلے گیا تھا جمعرات کو رات دس یا گیارہ بجے کے قریب۔‘