’کوئی ضمانت پر ہو اسے چپڑاسی بھی نہیں رکھتے، یہاں وزیراعظم بنا دیا‘
جمعرات 7 جولائی 2022 17:50
عمران خان نے کہا کہ عمران خان کے بقول ’ہم بھی چاہتے ہیں امریکہ سے دوستی ہو لیکن غلامی نہیں چاہتے‘ (فوٹو: عمران خان ٹوئٹر)
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’مجھے امریکہ سے ایک گلہ ہے کہ اگر کوئی ضمانت پر ہو اسے چپڑاسی بھی نہیں رکھتے یہاں وزیراعظم بنا دیا۔‘
جمعرات کو شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن حمزہ شہباز سے مل کر لوٹوں کو ضمنی الیکشن جتانے کی کوشش کر رہا ہے، یہ کچھ بھی کر لیں، جیت نہیں سکتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’لوٹوں پر بڑا نوٹ خرچ کیا جا رہا ہے، کسی بھی رنگ کا لوٹا اس جنون کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ٹیم بن کر لڑیں گے تو کوئی آپ کو شکست نہیں دے سکتا۔‘
انہوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کبھی یہ امریکہ اور کبھی یہ کسی کے بوٹ پالش کرتے ہیں کیونکہ انہیں اپنی چوری کا پیسہ بچانا ہے۔ چوری کا پیسہ بچانے کے لیے یہ اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے کو تیار ہیں۔‘
عمران خان کے بقول ’سب سے دوستی چاہتے ہیں، ہم بھی چاہتے ہیں امریکہ سے دوستی ہو لیکن غلامی نہیں چاہتے۔ امریکہ کون ہوتا ہے مجھے روس جانے سے روکنے والا؟‘
انہوں نے کہا کہ ’جس جس پولیس والے نے ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا ہے اس کا نام نوٹ کیا ہے، 15 ہزار ایف آئی آرز بھی کاٹ دیں پیچھے نہیں ہٹوں گا۔‘
عمران خان نے کہا کہ سوشل میڈیا وکرز کو ڈرا رہے ہیں گھروں سے پکڑ رہے ہیں، عمران ریاض، ایاز امیر جیسے باضمیر صحافیوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے باعث کسان بہت پریشان ہے اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے صنعت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ ’مغربی بینکوں اور آف شور کمپنیوں میں ان چوروں کے پیسے ہیں جنہیں بچانے کےلیے یہ این آر او لے رہے ہیں۔‘