واشنگٹن۔۔۔۔۔امریکی کانگریس کے ایک رکن نے سکھ ٹیکسی ڈرائیور پر ہونیوالے حملے کو پریشان کن قراردیا اور کہا کہ اس قسم کے نفرت کے جرائم ختم کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں ہونی چاہئیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں نیویارک میں کچھ مسافروں نے ایک سکھ ٹیکسی ڈرائیور پر حملہ کیا تھا۔رکن کانگریس جوئے کرولی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملہ نفرت پر مبنی تھا۔ اس قسم کے حملے ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں مختلف ثقافتوں ، مذہب ، عقیدے اور لائف اسٹائل رکھنے والے لوگ بستے ہیں۔اس سال کے آغاز سے ملک میں نفرت پر مبنی جرائم بڑھ گئے ہیں اور 25سالہ سکھ ڈرائیور پر اس کے مسافروں کی طرف سے ہونیوالے حملے روکنے کیلئے کارروائی کرنی چاہئے۔واضح رہے کہ مسافرو ں نے سکھ کو علی بابا کہہ کر پکارا، کرایہ ادا کرنے سے انکار کیا، ٹیکسی کا میٹرتوڑنے کی کوشش کی اور اس کی پگڑی اتار کر پھاڑ ڈالی۔