Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025

انڈین مسافروں کی متبادل طیارے سے کراچی سے روانگی

نئی دہلی سے دبئی جانے والے انڈین ایئرلائن سپائس جیٹ کے طیارے کے مسافر ایئرلائن کی جانب سے بھیجے گئے متبادل طیارے پر کراچی سے واپس اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔
جہاز پر 132 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار ہیں۔
منگل کی دوپہر کو انڈین ایئرلائن سپائس جیٹ کے مسافر طیارے نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے کہا تھا کہ انڈین طیارے بوئنگ 737 میں فنی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔
ذرائع کے مطابق کپتان نے کراچی ایرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کی تھی۔ اجازت ملنے پر انڈین طیارے نے سوا نو بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔
سول ایوی ایشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
’طیارے میں 144 مسافر سوار ہیں۔ لاؤنج میں مسافروں کی خاطر تواضع کی جا رہی ہے۔‘
ترجمان کے مطابق انجینیئرز طیارے کے انجن کا معائنہ کر کے خرابی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
’ایئر کرافٹ انجینیئرز کی رپورٹ کے بعد طیارے کو پرواز کے لیے کلیئرنس دی جائے گی۔‘
سپائس جیٹ کے ترجمان نے کہا تھا کہ انڈیکیٹر لائٹ میں خرابی کی وجہ سے دہلی سے دبئی جانے والی پرواز نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔
’طیارہ بحفظات کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا اور مسافروں کو بھی نکالا گیا۔ طیارے نے معمول کے مطابق لینڈنگ کی۔‘

اجازت ملنے پر انڈین طیارے نے سوا نو بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ (فوٹو: سی اے اے)

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ مسافروں کو منزل پر پہنچانے کے لیے ایک اور طیارہ کراچی روانہ کر دیا گیا ہے۔
’طیارے میں کوئی فنی خرابی رپورٹ نہیں ہوئی تھی۔ ایئرپورٹ پر مسافروں کی تواضع کی گئی ہے۔‘
انڈین میڈیا کے مطابق گزشتہ 15 دنوں کے اندر یہ سپائس جیٹ کی تیسری ایمرجنسی لینڈنگ ہے۔ 19 جون کو پٹنہ میں اس وقت ایمرجنسی لینڈنگ کی جب اس کی انجن میں آگ لگی۔ جہاز میں 185 مسافر سوار تھے۔
سنیچر کی صبح سپائس جیٹ کی پرواز ایس جی 2962 جبل پور شہر جا رہی تھی جب طیارے کے کیبن میں دھواں بھرنے سے اس کو دہلی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔

شیئر: