مکہ مکرمہ میں حج کانفرنس کا آغاز آج سے
اتوار 3 جولائی 2022 10:40
دو روزہ کانفرنس میں عالم اسلام کے ممتاز علما اور مفکرین شرکت کر رہے ہیں۔ ( فوٹو: سبق)
وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی سربراہی میں سالانہ حج کانفرنس کا آغاز اتوار سے ہو رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق دو روزہ کانفرنس میں عالم اسلام کے ممتاز علما اور مفکرین شرکت کر رہے ہیں۔
وزارت حج وعمرہ کی 46 ویں سالانہ حج کانفرنس کا عنوان ’مناسک کی ادائیگی اور عازمین کی خدمت‘ رکھا گیا ہے۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ ’مشاعر مقدسہ سے دنیا کو پیغام‘ کے عنوان سے خطاب کریں گے۔
اسی طرح حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن، الجزائر میں وزیر اسلامی امور یوسف بن مہدی، پاکستان کے وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور اور دیگر کا بھی خطاب ہو گا۔
دوسرے روز ’عصری مسائل اور فقہی احکام‘ کے عنوان سے پہلا سیشن ہو گا جس میں مصر کے مفتی ڈاکٹر شوقی علام، انٹرنیشنل فقہ اکیڈمی کے سربراہ ڈاکٹر قطب سانو اور سعودی سربرآوردہ علما بورڈ کے رکن ڈاکٹر سعد الشثری خطاب کریں گے۔
پیر کو مزید دو سیشن ہوں گے جن میں متعدد اسلامی ممالک کے مشائخ خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے حج کانفرنس کا آغاز 1970 سے کیا تھا۔