کہیں شدید گرمی، کہیں گرد اور کہیں بارش
’القریات میں سب سے کم جبکہ جازان میں سب سے زیادہ گرمی رہی ہے‘ ( فوٹو: طقس العرب)
سعودی عرب میں آج کہیں شدید گرمی، کہیں گرد و غبار اور کہیں بارش اور دھند ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق القریات میں سب سے کم جبکہ جازان میں سب سے زیادہ گرمی رہی ہے۔
طقس العرب کے ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب کے وسیع رقبے پر شدید گرمی ہوگی جبکہ جنوب کے بالائی علاقوں میں موسم اعتدال پر رہے گا‘۔
ادھر سعودی ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ باحہ، عسیراور جازان میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن، وسطی اور مغربی علاقوں میں مطلع غبار آلود رہے گا‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’نجران ریجن کے الخرخیر اور شرورہ کمشنریوں میں گرد وغبار رہے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’یہ کیفیت شام 6 بجے تک جاری رہے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے‘۔
’اس سے ملتی جلتی کیفیت مدینہ منورہ ریجن کی المہد اور وادی الفرع کمشنری میں ہوگی جہاں گرد وغبار رہے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’عسیر ریجن میں ابہا، احد رفیدہ، خمیس مشیط اور ظہران الجنوب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے‘۔