Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

سعودی ولی عہد سہ ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں مصر پہنچ گئے

سرکاری دورے کے دوران ولی عہد تینوں ملکوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع  شہزادہ محمد بن سلمان  پیر کو تین ملکوں کے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں مصر پہنچ گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قاہرہ پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خیرمقدم کیا۔
قبل ازیں سعودی ایوان شاہی نے بیان میں کہا تھا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مصر، اردن اور ترکی کے دورے پر روانہ ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ ’شاہ سلمان بن عبدالعزیز چاہتے ہیں کہ سعودی عرب اور برادر ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط اور تینوں ملکوں کے ساتھ رابطے مستحکم ہوں۔‘
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مصر، اردن اور ترکی نے دورے کے لیے دعوت نامے دیے ہوئے ہیں۔ 
شہزادہ محمد بن سلمان دورے کے دوران تینوں ملکوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کے استحکام کے طریقوں پر بات چیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب اور مصر کے درمیان تعلقات مضبوط رہے ہیں جو عرب دنیا کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ دونوں ملک تاریخی طور پر ایکدوسرے کو خطے کا اہم اتحادی مانتے رہے ہیں۔
یہ پالیسی7 مئی 1936 کی ہے جب مصر نے سعودی ریاست کو سرکاری طور پر تسلیم کیا تھا۔ دونوں ملکوں نے گزشتہ برسوں میں مضبوط اور قریبی سفارتی تعلقات قائم کیے ہیں یہاں تک کے ہنگامہ خیز دور کے دوران رکاوٹوں اور اختلافات پر قابو پایا ہے۔

شیئر: