Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 17 جون ، 2025 | Tuesday , June   17, 2025
منگل ، 17 جون ، 2025 | Tuesday , June   17, 2025

امسال ہندوستان سے ایک لاکھ70ہزار عازمین ارض مقدس آئیں گے، افضل امان اللہ

جدہ ( ارسلان ہاشمی ) انڈین حج کمیٹی کے کنوینر افضل امان اللہ نے کہا ہے کہ امسال ایک لاکھ 70 ہزار عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے ارض مقدس آئیں گے ۔ آئندہ 5 برس کیلئے حج پالیسی مرتب کر رہے ہیں جس پر بہتر انداز میں کام کیا جارہا ہے ۔ وہ انڈین قونصلیٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطا ب کر رہے تھے جس میں کمیٹی کے دیگر ممبران جن میں جسٹس ( ر) ایس ایس پارکر ، سابق حج کمیٹی کے چیئر مین قیصر شمیم ، جوائنٹ سیکریٹری جے عالم کے علاوہ سفیر ہند احمد جاوید ، قونصل جنرل نور رحمان شیخ اور قونصل حج شاہد عالم بھی موجود تھے ۔ کنوینر حج کمیٹی افضل امان اللہ نے مزید کہا کہ امسال حج کمیٹی کے تحت آنے والے عازمین حج کی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار جبکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے تحت 45 ہزار ہے ۔ امسال بھی مکہ مکرمہ میں 2 کیٹگری رکھی گئی ہیں جن میں العزیزیہ اور گرین شامل ہیں ۔ العزیزیہ کیٹگری میں رہنے والے عازمین کا حج پیکج ایک لاکھ 80 ہزار روپے ہو گا جبکہ گرین کیٹگری کے تحت آنے والوں کیلئے 2لاکھ 10 ہزار مقرر کئے گئے ہیں ۔ حج کمیٹی کے کنوینر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کے احکامات کے تحت2020ء میں حج پر سبسڈی مکمل طور پر ختم کر دی جائیگی جس کے لئے ان امور کا جائزہ لے رہے ہیں کہ کس طرح حج اخراجات کو کم کیا جائے تاکہ حج سبسڈی ختم ہونے کے بعد عازمین زیادہ زیر بار نہ ہو ں۔ اس ضمن میں حج کمیٹی نے مملکت میں موجود تعمیراتی کمپنیوں کے ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی تاکہ طویل المدتی رہائشی منصوبے پر غور کیا جاسکے جس کے تحت ہندوستانی عازمین حج کو رہائشی عمارتیں فراہم کی جائیں جس سے حج اخراجات میں بھی نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے ۔ ایک سوال پر کنوینر حج کمیٹی افضل امان اللہ کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ آرام و سکون سے فریضہ حج ادا کرسکیں ۔ اس ضمن میں حج کمیٹی نے سعودی اعلیٰ اداروں کے حکام جن میں حج خدمات فراہم کرنے والے ادارے موسسہ ، شہری دفاع ، بس سینڈیکیٹ اور دیگر ادارے شامل ہیں سے ملاقات کی اور دو طرفہ دلچسپی کے معاملات پر بات چیت کی جو کافی مفید رہی ۔ قونصل جنرل نور رحمان شیخ نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش کے لئے عمارتوں کا انتخاب آئندہ ماہ تک کر لیا جائیگا جس کے لئے کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ عازمین کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں جس کے لئے متعلقہ کمیٹی کو تمام ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔

شیئر: