عرعر..... گورنر شمالی حدود شہزادہ مشعل بن عبداللہ بن عبدالعزیز بن مساعد نے ریجن میں ٹریفک خلاف ورزیوں کے حوالے سے ڈیجیٹل سسٹم " ساھر " کا افتتاح کر دیا ۔ الوئام نیوز کے مطابق ریجن میں ساھر سسٹم کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس کے اعلیٰ عہدایدارن بھی موجود تھے جنہو ںنے ساھر سسٹم کے بارے میں تفصیل سے گورنر کو مطلع کیا ۔ ساھر سسٹم کے نفاذ سے قبل شاہراہوںپر انتباہی بورڈ ز نصب کر دیئے گئے تھے جن پر ٹریفک کی انتہائی رفتار درج تھی تاکہ مقررہ رفتار سے تیز گاڑی نہ چلائی جائے ۔ اس ضمن میں محکمہ ٹریفک پولیس کے ریجنل ترجمان کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق جس شاہراہ پر ساھر سسٹم نصب کیا جاتا ہے وہاں گاڑیوں کے لئے رفتار کی حد بھی متعین کر دی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو معلوم ہو سکے کہ شاہراہ پر حد رفتار کتنی ہے اس سے تجاوز کرنے والوں کا چالان ہو گا ۔ ٹریفک پولیس کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ساھر سسٹم کا اصل مقصد لوگوں میں اس شعور کو اجاگر کرنا ہے کہ تیز رفتاری سے جان کو نقصان کا اندیشہ رہتا ہے ۔ دیگر شہروں اور مقامات پر جہاں ساھر سسٹم کام کر رہا ہے وہاں کافی بہتر نتائج برآمد ہو ئے ہیں اور حادثات میں کافی حد تک کمی آئی ہے ۔