لندن ... برطانوی پولیس نے قرضوں کی عدم ادائیگی اور دھوکہ دہی کے الزام میں ہند کو مطلوب بزنس ٹائیکون وجے مالیا کو لندن میں حراست میں لیا تاہم ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ میٹرو پولیٹن پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق غیرفعال کنگ فشر ایئرلائنز کے قرض واپس نہ کرنے کے الزام میں وجے مالیا کو حراست میں لیا گیا۔ ان پر دھوکہ دہی کے بھی الزامات ہیں۔گرفتاری کے بعد وجے مالیا کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں ساڑھے 6 لاکھ پونڈکے ضمانتی مچلکے پر رہا کردیا گیا۔ انہیں ہند کے حوالے کرنے سے متعلق کیس کی سماعت 17 مئی کو ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وجے مالیا نے رضا کارانہ گرفتاری دی۔ 3 گھنٹے بعد ضمانت مل گئی ۔رہا ئی کے بعد وجے مالیا نے ٹوئٹر پر ہندوستانی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ گرفتاری کی خبر کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔