Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

وزیراعظم شہباز شریف کا ٹینکر ڈرائیور فیصل بلوچ کے لیے تمغہ شجاعت کا اعلان

20 ہزار لیٹر پیٹرول سے بھرے ٹینکر سے بھڑکتے شعلے دیکھ کر پمپ پر موجود لوگوں پر سکتہ طاری ہو گیا تھا (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگی بچانے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور فیصل بلوچ  سے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم نے بدھ کو اسلام آباد میں اپنے دفتر میں فیصل بلوچ سے ملاقات میں ان کی بہادری پر انہیں تمغہ شجاعت سے نوازنے کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر اکاؤںٹ سے ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ مجھے فیصل بلوچ سے ملنے اور ان  کے جرأت مندانہ کردار پر انہیں تمغہ شجاعت کے لیے نامزد کرنے پر خوشی ہے۔‘
’ وہ ایک سچے ہیرو ہیں جن بے شمار دیگر افراد کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ میں ان اس بے لوث جرأت مندانہ اقدام کو سراہتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ رواں ماہ سات جون کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایک نجی پیٹرول پمپ پر پیٹرول خالی کرتے ہوئے ایک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
پیٹرول پمپ پر موجود لوگوں کو بچانے کے لیے ٹینکر ڈرائیور محمد فیصل حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے شعلوں میں لپٹے ٹینکر کو آبادی سے دور لے گئے۔ 
محمد فیصل نے اردو نیوز کو بتایا کہ ٹینکر میں 20 ہزار لیٹر سے زائد پیٹرول موجود تھا اور اس کے پھٹنے کا خطرہ تھا، اگر پھٹ جاتا تو بہت سے لوگوں کی جانیں جاسکتی تھیں۔
’اس لیے میں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ٹینکر کو دور لے جانے کا فیصلہ کیا۔‘
اس واقعے کے بعد وزیراعظم آفس نے محمد فیصل کو ’گیسٹ آف آنر‘ کے طور پر اسلام آباد مدعو کر لیا تھا۔ نو جون کو وزیراعظم آفس کے سٹریٹجک ریفارمز شعبے کے سربراہ سلمان صوفی نے محمد فیصل کو ٹیلیفون کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
فیصل بلوچ کے جلتے آئل ٹینکر کو لوگوں سے دور بھگا کر لے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی لوگوں نے انہیں سراہنا شروع کر دیا تھا اور بلوچستان کی حکومت نے بھی انہیں انعام سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی ڈرائیور کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ 
وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمد فیصل کی جرات اور بہادری قابل ستائش ہے، انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچائی ہے۔

 

شیئر: